دبئی (مشرق نیوز) انٹرنیشنل کرکٹ کونسل چیمپئنز ٹرافی 2025 کے سب سے ہائی وولٹیج مقابلے پاکستان اور بھارت کے میچ کے ٹکٹ صرف ایک گھنٹے میں ہی فروخت ہوگئے۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی میں دبئی میں شیڈول روایتی حریف پاکستان اور بھارت کا میچ دیکھنے کیلئے شائقین بے تاب ہیں ،یہی وجہ ہے کہ 23 فروری کو ہونے والے اس میچ کی ٹکٹس صرف ایک گھنٹے میں ہی فروخت ہوگئیں۔
چیمپئنز ٹرافی کے ٹکٹوں کی کم سے کم قیمت 500 درہم یعنی 38 ہزار پاکستانی روپے تھی جسے مداحوں نے ہاتھوں ہاتھ خرید لیا۔ اسکے علاوہ پاک بھارت ٹاکرے کیلئے مہنگا ترین ٹکٹ 12 ہزار 500 درہم رکھا گیا تھا وہ بھی فروخت ہوگیا جبکہ 1000، 1200، 2500، 5000 درہم کا ٹکٹ بھی فروخت کیلئے پیش کیا گیا۔
خیال رہے کہ آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کا افتتاحی میچ 19 فروری کو کراچی میں کھیلا جائیگا لیکن اس سے پہلے 8 فروری سے سہ ملکی سیریز شروع ہوگی، انٹرنیشنل ٹیموں کی آمد کا سلسلہ 5 فروری سے شروع ہوگا۔ سہ ملکی سیریز کیلئے نیوزی لینڈ کی ٹیم 5 فروری اور جنوبی افریقہ کی ٹیم 7 فروری کو پاکستان پہنچے گی، سیریز کا پہلا میچ 8 فروری کو کھیلا جائیگا۔
چیمپئنز ٹرافی 2025، پاک، بھارت ٹاکرے کے ٹکٹ ایک گھنٹے میں فروخت



















