لاہور: (اپنے رپورٹر سے) وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا ہے چور دروازے اور امپائر کی انگلی پر چلنے والا شخص بات چیت پر یقین نہیں رکھتا،نواز،مریم کا ذکر کئے بغیر کچھ لوگوں کی سیاست نامکمل ہے۔
مشیر اطلاعات کے پی بیرسٹر سیف کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے عظمیٰ بخاری نے کہااین آر او کا متلاشی آپ کا لیڈر ،خاندان ہے، نوازشریف کا قصور نہیں، مریم نواز کو پنجاب کے لوگوں کی خدمت سے فرصت نہیں مذاکرات کا بخار آپ لوگوں کو ہی چڑھا تھا،نواز شریف نے نہیں کہا تھا 9 مئی ،26 نومبر کی بغاوتیں کرو، بانی پی ٹی آئی کو ڈیل کی امید نظر نہیں آئی اس لئے مذاکرات ختم کرنے کا اعلان کیا۔
وزیر اطلاعات نے کہاجس شخص کی پوری زندگی بیساکھیوں کے سہارے گزری ہو وہ کبھی لیڈر نہیں بن سکتا، کوچ کی ڈائریکشن پر چلنے والا کوچ پکڑے جانے کے بعد سیاسی یتیم ہو چکا ،اپنے علاوہ کسی کو اہمیت نہ دینے والے شخص سے بات چیت کرنا بھی وقت کا ضیاع ہے، خود ہی کہتا تھا چوروں، ڈاکووں اور دہشتگردوں کی جگہ جیل میں ہوتی ہے، وقت کی ستم ظریفی دیکھیں 9 مئی کے دہشتگرد اور توشہ خانہ کے چور این آر او مانگنے کیلئے چور دروازے تلاش کر رہے ہیں۔
9 مئی کے دہشتگرد اور توشہ خانہ چور این آر او کے متلاشی ہیں،عظمیٰ بخاری



















