محکمہ بلدیات ،ایڈمنسٹرٹیو فنکشنل یونٹ کے متعدد سینئر افسر تعیناتی سے محروم

لاہور:(نوید چودھری) ایڈمنسٹرٹیو فنکشنل یونٹ کی خالی نشستوں پر تجربہ کار افسروں کی تعیناتیوں کے معاملے پر محکمہ بلدیات پنجاب کی منافقانہ حکمت عملی سے انتظامی بحران شدت اختیار کر گیا۔

پنجاب بھر کے متعدد بلدیاتی اداروں میں بڑے عہدوں پر چھوٹے گریڈ کے افسران تعینات کیے جانے سے رشوت تو بڑھ گئی مگر انتظامی کنٹرول بھی گرفت سے نکلتا جا رہا ہے،تازہ ترین صورتحال کے مطابق ایڈمنسٹریٹو فنکشنل یونٹ کے گریڈ 19 کے 3 سینئر اور تجربہ کار افسران کافی عرصہ گزر جانے کے بعد بھی تعیناتی سے محروم ہیں حالانکہ میونسپل کارپوریشن پنڈی میں چیف افسر کی گریڈ 19 کا عہدہ گزشتہ 4 ماہ سے خالی ہے مگر وہاں گریڈ 17 کے کنٹریکٹ پر بھرتی میونسپل آفیسر ریگولیشن عمران کو چیف افسر کی اضافی ذمہ داریاں دی گئی ہیں، اسی طرح میونسپل کارپوریشن ملتان میں بھی گریڈ 19 کا چیف افسر کا عہدہ 4ماہ سے گریڈ 18 کے ڈپٹی چیف افسر اقبال خان سے اضافی طور پر چلوانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔

ڈسٹرکٹ کارپوریشن ڈیرہ غازی خان میں گریڈ 19 کے چیف افسر کی آسامی بھی میونسپل کارپوریشن کوٹ چٹھہ میں تعینات گریڈ 17 کے جوادالحسن کے سپرد ہے یہ عہدہ بھی گزشتہ 6 ماہ سے مستقل موضوں افسر کا متلاشی ہے جبکہ ڈسٹرکٹ کونسل فیصل آباد کی گریڈ 19 کی اہم پوسٹ پر بھی گریڈ 17 کے ڈپٹی چیف افسر فیصل شہزاد تعینات ہیں یہاں حیران کن اور قابل تشویش بات یہ ہے کہ افسران کی ٹرانسفر پوسٹنگز کے آرڈرز پر سائن کرنے والے سیکرٹری لوکل گورنمنٹ بورڈ کا عہدہ بھی گریڈ 19 کا ہے لیکن وہاں پر ایک مدت سے گریڈ 18 کے افسر رضوان نزیر کا قبضہ ہے۔ یہی وجہ ہے کہ 18 کے 4 اور گریڈ 17 کے 7 افسران بھی اپنے سکیل کے مطابق کوئی بھی موضوں تعیناتی حاصل کرنے میں کامیاب نہیں ہو پارہے ہیں۔