میوکینسر کئیر ہسپتال میں مریضوں کوجدید سہولیات فراہم کی جائینگی :سلمان رفیق

لاہور (ہیلتھ رپورٹر) صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق نے کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی سے ملحقہ میو کینسر کئیر ہسپتال مناواں کا دورہ کیا۔پارلیمانی سیکرٹری رشدہ لودھی بھی خواجہ سلمان رفیق کے ہمراہ تھیں۔ اس دورے کا مقصد تعمیراتی کام کا جائزہ اور ہسپتال میں موجود کینسر کے مریضوں کیلئے طبی سہولیات کا جائزہ لینا تھا۔صوبائی وزیر نے پرچی کاونٹر، سہولت ڈیسک، کینسر ایمرجنسی وارڈ، کیموتھیراپی کلینک، فارمیسی، لیب، آنکالوجی آوٹ ڈور، سرجیکل انکالوجی کلینک، نرسنگ کاونٹرز سمیت دیگر شعبوں کا تفصیلی دورہ کیا۔پروفیسر وسیم حیات خان نے وزیر صحت کو ہسپتال بارے بریفنگ دی اور مریضوں کے علاج و معالجے کے بارے میں آگاہ کیا۔صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق نے ہسپتال میں جاری ری ویمپنگ منصوبے کا بھی تفصیلی جائزہ لیا۔صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہاکہ میوکینسر کئیر ہسپتال مناواں پنجاب میں کینسر کے علاج و معالجہ کا سرکاری ہسپتال ہے۔ میوکینسر کئیر ہسپتال مناواں میں مریضوں کو علاج و معالجہ کی جدید سہولیات فراہم کی جائیں گی، میوکینسر کئیر ہسپتال کا سٹاف انتہائی محنتی اور پروفیشنل ہے۔ خواجہ سلمان رفیق نے کہاکہ ہسپتال ملازمین کے کنٹریکٹ کی توسیع کیلئے اقدامات کئے جائیں گے۔ میوکینسر کئیر ہسپتال میں سینئر فیکلٹی مریضوں کیلئے خدمات سر انجام دے رہی ہے۔ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی قیادت میں عوام تک صحت کی بہترین سہولیات کی فراہمی کیلئے کوشاں ہیں۔ میوفکینسر کئیر ہسپتال میں جاری ری ویمپنگ کی جلد تکمیل کیلئے محکمہ سی اینڈ ڈبلیو کو ہدایت کی گئی ہے۔ دریں اثناءصوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق نے نواز شریف انسٹی ٹیوٹ آف کینسر ٹریٹمنٹ اینڈ ریسرچ کی سائٹ کا دورہ کیا ۔ایگزی کیوٹنگ ایجنسی آئی ڈیپ کے افسران اور متعلقہ کنٹریکٹرز بھی موجود تھے۔خواجہ سلمان رفیق نے نواز شریف انسٹی ٹیوٹ آف کینسر ٹریٹمنٹ اینڈ ریسرچ کی سائٹ پر جاری پیش رفت کا جائزہ لیا اور افسران سے ماسٹر پلان پر بریفنگ لی۔صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہاکہ نواز شریف انسٹی ٹیوٹ آف کینسر ٹریٹمنٹ اینڈ ریسرچ سینٹر پاکستان کا پہلا مکمل سرکاری کینسر ہسپتال ہوگا۔ کینسر کے لیول تھری اور لیول فور مریضوں کا بھی انشاءاللہ مفت علاج ہوگا۔ آئی ڈیپ کو نواز شریف انسٹی ٹیوٹ آف کینسر ٹریٹمنٹ اینڈ ریسرچ پراجیکٹ سال میں فنکشنل کرنے کی ہدایت کی ہے۔ 915 بستروں پر مشتمل یہ کینسر ہسپتال دو مراحل میں مکمل ہوگا- خواجہ سلمان رفیق نے بتایاکہ کینسر انسٹی ٹیوٹ میں پیڈڑ انکالوجی،آپریشن تھیٹرز،10-ریڈایشن تھراپی بنکر،آئی سی یو اور 30 بیڈز کا ایمرجنسی وارڈ بنے گا۔ ویٹنگ ہال اور 24 بیڈز کے ساتھ تیمار داروں کے قیام گاہ بھی تعمیر کی جائے گی۔ مرکزی عمارت میں بون میرو سینٹر، کینسر کیئر کلینک، ڈاکٹرز کیلئے رہائش گاہیں اور مسجد پہلے مرحلے میں تعمیر ہو گی- وزیر صحت نے کہاکہ دوسرے مرحلے میں 300 بیڈز پر مشتمل نئی بلڈنگ اور پارکنگ پلازہ بھی بنے گا- پہلے سرکاری کینسر ہسپتال میں ریڈی ایشین تھراپی، کیمو تھراپی، اینڈوسکوپی اور دیگر سہولتیں میسر ہونگی- کینسر ہسپتال کے پہلے فیز کی تکمیل کے لئے بارہ ماہ کا ہدف دے دیا گیا ہے۔عوام کی زندگی میں بہتری لانے والا ہر کام حکومت پنجاب کی اولین ترجیح ہے۔ وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق نے کہاکہ ہر شہر میں کارڈیالوجی، نیورولوجی، پیڈز اور ڈائیلسیز سینٹرز بنائیں گے۔ کینسر کے کسی مریض کو علاج سے انکار نہیں ہوگا - پہلے سرکاری کینسر ہسپتال میں کے پی کے، سندھ اور دیگر صوبوں سے آنے والے مریضوں کا مفت علاج ہوگا۔نواز شریف کینسر ہسپتال پنجاب ہی نہیں پورے پاکستان کا منصوبہ ہے۔ کینسر کا علاج غریب اور متوسط کیا امیر آدمی کے بس کی بات بھی نہیں، جمع پونجی لٹ جاتی ہے ۔