امریکی اسلحہ پاکستان کےخلاف استعمال ہوتا ہے،گورنر کے پی

پشاور:(بیورورپورٹ)گورنرکے پی فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے افغانستان میں چھوڑا گیا امریکی اسلحہ پاکستان کےخلاف استعمال ہوتا ہے، کرم کے لوگوں نے بہت قربانیاں دیں، امن برقرار رکھنا ،سہولتیں دینا ریاستی ذمہ داری ہے۔

پریس کانفرنس کرتے ہوئے فیصل کریم کنڈی نے کہا ضلع کرم کی صورتحال سب کے سامنے ہے، پڑوس میں ایسا ملک ہے جسے سپر پاورز آکر فتح کرنے کی کوشش کرتی ہیں لیکن ناکامی کی صورت میں وہاں چھوڑے جانے والا اسلحہ پاکستان کےخلاف استعمال ہوتا ہے،کرم میں ملک دشمن عناصر اپنا کردار ادا کررہے ہیں، ہونے والے معاہدے پر عمل درآمد کےلئے دعاگو ہوں۔

گورنر کے پی نے کہاصوبائی حکومت معاملے پر پہلے سنجیدہ ہوتی تو پورے ملک میں اہل تشیع کی طرف سے دھرنے نہ ہوتے،جمہوری طریقے سے اپنا حق مانگنا جرم نہیں ،جلد بلدیاتی نمائندوں کےلئے گورنر ہاوس میں کنونشن کریں گے۔