نئے سکولوں کی رجسٹریشن سکول بسوں کی پالیسی سے مشروط

لاہور:( کورٹ رپورٹر)لاہور ہائیکورٹ نے نئے سکولوں کی رجسٹریشن سکول بسوں کی پالیسی سے مشروط کر دی جبکہ عدالت نے سکول بسوں کے بغیر سکولوں کی رجسٹریشن کی تجدید ہونے پر سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے سیکرٹری سکولزایجوکیشن کوتوہین عدالت کا شوکاز نوٹس جاری کرتے ہوئے 30دسمبر کو ذاتی حیثیت میں پیش ہونے کا حکم دیدیا۔

جسٹس شاہد کریم نے سموگ کے تدارک کے لئے دائر درخواستوں پر سماعت کی،جسٹس شاہد کریم نے استفسار کیا 50فیصد بچوں کیلئے بسیں شروع کرنے کے عدالتی حکم پر عمل کیوں نہیں ہوا،بچوں کی سکولز بسوں کیلئے اقدامات کیوں نہیں کئے؟ سیکرٹری سکولز نے عدالتی احکامات کی خلاف ورزی کی،جسٹس شاہد کریم نے کہا سیکرٹری سکولزایجوکیشن کو تبدیل کیا جائے ، سکولزبسوں کے حوالے سے پالیسی بتائی جائے، دوران سماعت عدالت نے پنجاب حکومت کے وکیل کی سیکرٹری سکولز کا شوکاز نوٹس واپس لینے کی استدعا مسترد کردی۔