چیف منسٹرز چلڈرن ہارٹ سرجری پروگرام میں کوتاہی برداشت نہیں ہوگی:خواجہ سلمان رفیق
لاہور(ہیلتھ رپورٹر)صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق کی زیر صدارت چلڈرن ہسپتال لاہور میں چیف منسٹرز چلڈرن ہارٹ سرجری پروگرام کے حوالے سے اہم اجلاس منعقدہوا۔اجلاس میں ڈاکٹر فرقد عالمگیر، وائس چانسلر یونیورسٹی آف چائلڈ ہیلتھ سائنسز پروفیسر مسعود صادق، پروفیسر سلمان اور پروفیسر عاصم خان و دیگر نے شرکت کی۔ وڈیو لنک کے ذریعے انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی ملتان، فیصل آباد انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی سے ڈاکٹر عبد الرزاق مغل اور ماہم ملک نے شرکت کی۔صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق نے اجلاس کے دوران چیف منسٹرز چلڈرن ہارٹ سرجری پروگرام کا تفصیلی جائزہ لیا۔صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق نے کہاکہ چیف منسٹرز چلڈرن ہارٹ سرجری پروگرام کو کامیاب بنانے کیلئے متعلقہ محکمہ جات کی کوآرڈی نیشن کو مزید بہتر بنایا جا رہا ہے۔ اس پروگرام کے حوالے سے تمام متعلقہ سرکاری چلڈرن ہسپتالوں سے فیڈ بیک لیا گیا ہے۔ الحمدللہ لانچنگ سے اب تک چیف منسٹرز چلڈرن ہارٹ سرجری پروگرام کے تحت 1100 سے زائد معصوم بچوں کی کامیاب سرجریز ہو چکی ہیں۔ خواجہ سلمان رفیق نے کہاکہ چیف منسٹرز چلڈرن ہارٹ سرجری پروگرام میں کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جا رہی۔ چیف منسٹرز چلڈرن ہارٹ سرجری پروگرام کا دائرہ کار مزید بڑھایا جا رہا ہے۔ اس حوالے سے مزید ہسپتالوں کو ام پینل کرنے کیلئے پراسیسنگ کی جا رہی ہے۔صوبائی وزیرصحت نے کہاکہ اس پروگرام کے تحت معصوم بچوں کی سرجریز کی ویٹنگ لسٹ میں واضح کمی ہوئی ہے۔ اس پروگرام سے قبل معصوم بچوں کے والدین کو سرجریز کیلئے ویٹنگ لسٹ کے مطابق مہینوں انتظار کرنا پڑ رہا تھا۔ اس پروگرام کے تحت پنجاب کے سرکاری چلڈرن ہسپتالوں کی صلاحیت میں بھی اضافہ ہوا ہے۔ خواجہ سلمان رفیق نے کہاکہ حکومت پنجاب بچوں کے ہارٹ سرجری پروگرام کے پورے نظام کی شفافیت کو یقینی بنا رہی ہے۔



















