پاکستان اور سعودی عرب کا مشترکہ ٹاسک فورس کو جلد فعال کرنے پر اتفاق: برادر ملک کیساتھ دوستی پر ہر پاکستانی کو فخر ہے:محسن نقوی
ریاض/ اسلام آباد (بیورو رپورٹ) وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے سعودی عرب کے پبلک سیکیورٹی پولیس ہیڈ کواٹر کا دورہ کیا اور پبلک سکیورٹی کے سربراہ لیفٹیننٹ جنرل محمد البسمیع سے ملاقات کی ہے۔نجی ٹی وی کے مطابق وزیر داخلہ کی آمد پر لیفٹیننٹ جنرل نے ان کا استقبال اور خیرمقدم کیا جس کے بعد محسن نقوی کو اسٹیٹ آف آرٹ پبلک سکیورٹی کے ہیڈ کوارٹر کے مختلف شعبوں کا معائنہ کرایا گیا۔وزیرداخلہ محسن نقوی نے سعودی عرب کے سیف سٹی سینٹر کا بھی دورہ کیا اور جرئم کی روک تھام کیلیے جدید ٹیکنالوجی سے آراستہ نظام کا مشاہدہ کیا۔وزیرداخلہ محسن نقوی نے جدید ٹیکنالوجی کے استعمال سے جرائم و ٹریفک حادثات پر کنٹرول کرنے کے نظام کو سراہا۔ اس کے علاوہ انہوں نے وزیرداخلہ محسن نقوی کی پبلک سکیورٹی کے سربراہ لیفٹیننٹ جنرل محمد البسمیع سے ملاقات کی۔ملاقات میں پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان مشترکہ ٹاسک فورس کو جلد فعال کرنے پر اتفاق کیا گیا۔ وزیرداخلہ نے کہا کہ سعودی عرب کے پبلک سکیورٹی کے شاندار نظام کو دیکھ کر خوشی ہوئی، پولیس ٹریننگ کے ضمن میں تعاون کو فروغ دے کر ایک دوسرے کے تجربات سے استفادہ کیا جا سکتا ہے۔وزیر داخلہ نے کہا کہ پاکستان سفارت کاروں کی حفاظت کیلئے اسپیشل پروٹیکشن یونٹ کا قیام عمل میں لا رہا ہے۔ دریں اثنا وزیرداخلہ محسن نقوی کو پبلک سکیورٹی کے ہیڈ کوارٹر میں خصوصی بریفنگ دی گئی اور آرٹیفشل انٹیلیجنس کے ذریعے جرائم اور ٹریفک حادثات پر کنٹرول کرنے کا نظام سے آگاہ کیا گیا۔بریفنگ میں بتایا گیا ہے کہ حج و عمرے پر بھی خصوصی فورسز فرائض سرانجام دیتی ہیں، سعودی عرب میں تمام خصوصی فورسز کو پبلک سیکیورٹی کے ہیڈ کوارٹر سے کنٹرول کیا جاتا ہے۔ وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی کاسعودی وزیر مملکت برائے داخلہ ڈاکٹر خالد محمد عبداللہ البتال اور سعودیہ میں پاکستانی سفیر احمد فاروق نے وزیرداخلہ محسن نقوی کا پرتپاک خیرمقدم کیا۔ وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے سعودی وزیر مملکت برائے داخلہ ڈاکٹر خالد محمد عبداللہ البتال سے ملاقات کی۔ ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور اور پاک سعودیہ تعلقات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیرداخلہ محسن نقوی نے 2034 کی فیفا ورلڈکپ کی میزبانی سعودی عرب کو ملنے پر سعودی قیادت اور عوام کو مبارکباد دی۔ انہوں نے کہا کہ سعودی عرب ہمارا سب سے بااعتماد دوست اسلامی ملک ہے، ہر پاکستانی کو اس دوستی پر ناز ہے۔ انہوں نے کہا کہ سعودی عرب میں ہمیشہ بہت پیار اور خلوص ملتا ہے۔وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے کہا کہ سعودی عرب کے ولی عہد محمد بن سلمان کے ویژن 2030 نے ترقی و خوشحالی کی تاریخ رقم کی ہے۔ سعودی وزیر مملکت داخلہ نے کہا کہ پاکستان کے ساتھ انتہائی قریبی تعلقات ہیں، دورہ سعودی عرب کے دوران آپ کی اہم ملاقاتوں کے حوالے سے باہمی تعلقات میں مزید آگے کی طرف دیکھ رہے ہیں۔



















