مہنگائی 6سال کی کم ترین سطح پر،ملک ترقی کی جانب گامزن ہے:وزیراعظم

اسلام آباد: (بیورورپورٹ)وزیر اعظم شہباز شریف نے مہنگائی کی شرح میں مزید کمی پر پوری قوم کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے معاشی ٹیم کی کاوشوں سے مہنگائی کی شرح 6سال کی کم ترین سطح پر آ گئی۔

اپنے بیان میں شہبازشریف نے ہفتہ وار مہنگائی کی شرح مزید کم ہو کر ساڑھے 3 فیصد (3.57) پر آنے پر پوری قوم کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا4 اکتوبر 2018 کے بعدپرائس انڈیکس کم ترین سطح پر ریکارڈ کیا گیا،مہنگائی کی شرح میں 39.11فیصد کی بڑی کمی معاشی ٹیم کی دن رات محنت کا نتیجہ ہے،مشکلات کے ازالے کیلئے دن رات محنت کا عہد کیا تھا ،بطور خادم پاکستان اپنے کئے گئے ہر عہد پر قائم ہوں۔

وزیراعظم نے کہاروزگار کی فراہمی، ملکی صنعتی ترقی و غیر ملکی سرمایہ کاری میں مزید اضافے کیلئے اقدامات کر رہے ہیں،ملک معاشی استحکام کے بعد ترقی کی جانب تیزی سے گامزن ہے ،بیرون ملک سے ترسیلات زر، دوست ممالک سے سرمایہ کاری میں اضافہ، سفارتی تعلقات میں استحکام ترقی کے سفر کی عکاس ہے،ملکی ترقی و خوشحالی کیلئے سیاسی قربانیاں رائیگاں نہیں گئیں،ترقی کے سفر میں تمام سٹیک ہولڈرز اپنا مثبت کردار ادا کر رہے ہیں۔