شرپسندوں کا ”سپیڈی ٹرائل“ ہوگا، سخت سزائیں دے کر مثال قائم کرینگے،عطا تارڑ

اسلام آباد: (بیورورپورٹ) وزیر اطلاعات عطا تارڑ نے کہا ہے پرتشدد احتجاج میں شریک تمام شرپسندوں کا ”سپیڈی ٹرائل“ ہوگا، سخت سزائیں دیں گے، کسی کو رعایت نہیں ملے گی تاکہ آئندہ کیلئے مثال قائم کی جاسکے، ریاست نے فیصلہ کرلیاانتشار اور تشدد کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

پریس کانفرنس کرتے ہوئے عطا تارڑ نے کہا پی ٹی آئی اپنے فرار کی شرمندگی سے بچنے کےلئے لاشوں کی سیاست کر رہی ہے، پی ٹی آئی اب تک ہلاکتوں کا کوئی ثبوت سامنے نہیں لائی، کوئی ویڈیو اور کوئی کوائف پیش نہیں کر سکی، کبھی لاشیں 100 ہوتی ہیں، کبھی 16 ہو جاتی ہیں اور کبھی 5 ہو جاتی ہیں، پی ٹی آئی والے راہ چلتے جہاں جنازہ دیکھتے ہیں وہاں اپنی پارٹی کا جھنڈا لگا دیتے ہیں جبکہ پمز اور پولی کلینک کا کہنا ہے کوئی لاش نہیں لائی گئی۔

عطا تارڑ نے کہا آپ کے لوگ اے کے 47 سے فائرنگ کر رہے تھے، تمام ٹی وی چینلز نے ان کو بھاگتے ہوئے دکھایا،جو رینجزر والے شہید ہوئے آپ نے ان کی ویڈیوز تو نہیں پوسٹ کیں،3 روز ہوگئے پی ٹی آئی سکیورٹی فورسز کی فائرنگ کی ویڈیو اب تک سامنے نہیں لائی، جھوٹے بیانیے سے معیشت ڈی ریل نہیں ہوگی، کوئی منطقی انجام سے نہیں بچے گا اور غلط اعداد و شمار پھیلانے والوں کو جواب دینا ہوگا۔