پنجاب حکومت ہر شہری کو صحت کی بنیادی سہولیات فراہم کرنے کیلئے کوشاں ہے:کمشنر ساہیوال

ساہیوال (بیورو رپورٹ) کمشنر ساہیوال ڈویژن شعیب اقبال سید نے کہا ہے کہ پنجاب حکومت ایک مربوط پروگرام کے تحت صوبے کے ہر شہری تک صحت کی بنیادی سہولیات کی فراہمی کیلئے کوشاں ہے۔ ہیلتھ ویک کا انعقاد بھی اسی سلسلے کی ایک کڑی ہے جس کے تحت عوام کو مختلف بیماریوں سے بچاو کیلئے انکی سکریننگ کی جارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس سکریننگ سے بیماری کی قبل ازوقت نشاندہی سے مریض بہت سی پیچیدگیوں سے بچ سکیں گے۔ انہوں نے یہ بات حاجی عبدالقیوم ڈی ایچ کیو ہسپتال میں ہیلتھ ویک کا افتتاح کرتے ہوئے کہی۔ اس موقع پر اے ڈی سی ریونیو اعتزاز اسلم مارتھ، سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر اظہر نقوی، ایم ایس ڈاکٹر طاہر چوہدری اور اے ایم ایس ڈاکٹر عبدالمجید نیازی بھی موجود تھے۔ انہوں نے کیمپ میں لگائے گئے کاونٹرز پر مہیا کردہ سروسز کا بھی جائزہ لیا اور وہاں موجود خواتین سے بھی ملاقات کی۔ سی ای او ڈاکٹر اظہر نقوی نے بتایا کہ کیمپ میں شوگر، بلڈپریشر، ہیپاٹائٹس، حاملہ خواتین کیلئے ٹیٹنس ٹیسٹ اور ٹی بی جیسی بیماریوں کی سکریننگ کی جارہی ہے۔ کمشنر شعیب اقبال سید نے ہدایت کی کہ سرکاری دفاتر میں بھی ملازمین کی سکریننگ کیلئے موبائل ٹیمیں بھیجی جائیں تاکہ ان کی بھی سکریننگ ہو سکے۔ بعدازاں انہوں نے ایمرجنسی وارڈ کا بھی دورہ کیا۔ انہوں نے ڈیوٹی روسٹر نمایاں جگہ پر ڈسپلے کرنے اور آوٹ ڈور پرچی کے کاونٹر کے باہر تمام سروسز کے ریٹ لگانے کی بھی ہدایت کی تاکہ مریضوں کو پیمنٹ کرنے میں آسانی ہو۔ انہوں نے ہسپتال میں صفائی کا نظام مزید بہتر بنانے کی بھی ہدایت کی۔دریں اثناءخریداری کیلئے آنے والے صارفین کی سہولت سب سے زیادہ مقدم ہے جس کیلئے کارپوریشن روزانہ کی بنیاد پر تجاوزات کے خلاف کاروائی جاری رکھے اور باربار تجاوزات کرنے والوں کے خلاف مقدمات بھی درج کروائے جائیں۔ یہ ہدایت کمشنر ساہیوال ڈویژن شعیب اقبال سید نے اپنے دفتر میں مختلف محکموں کی کارکردگی کے جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی جس میں ایڈیشنل کمشنر کوارڈینیشن ڈاکٹر صفدر حسین، ڈی جی پی ایچ اے اکرام ملک، ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ شاہد فاروق وڑائچ، چیف آفیسر کارپوریشن شیخ اشفاق احمد اور پسپ پروگرام کے سٹی منیجر اسجد خان سمیت متعلقہ محکموں کے افسران نے شرکت کی۔ انہوں نے کہا کہ شہر کی تمام مارکیٹوں اور بازاروں میں عارضی تجاوزات تشویش ناک امر ہے اور تاجر برادری کو چاہیے کہ وہ شہریوں کی سہولت کے لئے کارپوریشن کے عملے کا ساتھ دیں۔ اجلاس میں ڈی جی پی ایچ اے ملک اکرام نے بتایا کہ اولڈ جی ٹی روڈ پر بنائی گئی متعدد یادگاروں کی مرمت اور بحالی کا کام شروع کردیا گیا ہے اور راجباہ 9ایل کے کناروں کی صفائی بھی جاری ہے جو 3دنوں تک مکمل کر لی جائیگی۔ کمشنر شعیب اقبال سید نے جی ٹی روڈ پر سیوریج پائپ ڈالنے کیلئے رکے ہوئے کام پر ناراضگی کا اظہار کیا اور ہدایت کی کہ متعلقہ کنٹریکٹر کو نوٹس جاری کیا جائے اور اسے ٹائم لائن کے مطابق کام مکمل کرنے کو ہر صورت یقینی بنایا جائے۔