ضمانت ملنے پرمسرت جمشید چیمہ کوٹ لکھپت جیل سے رہا

لاہور:(اپنے نمائندے سے)5 اکتوبر کے مقدمات میں گرفتار ہونے والی پی ٹی آئی کی سینئر رہنما مسرت جمشید چیمہ کو لاہور ہائیکورٹ سے ضمانت ملنے پر کوٹ لکھپت جیل سے رہا کر دیا گیا، تحریک انصاف کے کارکنوں اور وکلا کی بڑی تعداد نے مسرت جمشید چیمہ کا رہائی کے موقع پر پرتپاک استقبال کیا اور ان پر پھولوں کی پتیاں نچھاور کیں ، اس موقع پر کارکنوں نے بانی چیئرمین عمران خان اور مسرت جمشید چیمہ کے حق میں نعرے بھی لگائے ۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مسرت جمشید چیمہ نے کہا بانی چیئرمین صرف اپنی قوم کے لئے گزشتہ کئی مہینوں سے جیل کی سلاخوںکے پیچھے ہےں،جبر ، تشدد اور جیلیں ہمیں جدوجہد سے پیچھے سے نہیں ہٹا سکتیں ،ہمارے حوصلے بلند ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ ہم آئین و قانون کے دائرے میں رہتے ہوئے اپنا احتجاج جاری رکھیں گے اور ساری قوم اس کے لئے تیار ہے ۔ انہوں نے کہا کہ میں وکلاءکی شکر گزار ہوں جو ہر پیشی پر عدالتوں میں موجود ہوتے ہیں اور آج بھی میرے استقبال کے لئے یہاں آئے ہیں۔