پنجاب میں مصنوعی بارش کی مقامی ٹیکنالوجی کا کامیاب تجربہ

لاہور:(اپنے رپورٹرسے)پنجاب میں مصنوعی بارش کی مقامی ٹیکنالوجی کا کامیاب تجربہ،محکمہ موسمیات نے تصدیق کرتے ہوئے کہاجہلم، چکوال، تلہ گنگ اور گوجر خان میں سیڈ کلاوڈنگ کے نتیجے میں جہلم ،گوجر خان میں بارش ہوئی ،اثرات لاہورمیں بھی بارش کی صورت برآمد ہونے کا قوی امکان ہے۔

ماہرین نے اظہار مسرت کرتے ہوئے کہا مصنوعی بارش سے سموگ میں کمی لانے میں بڑی مدد ملے گی،بیان میں کہا گیا افواج پاکستان کے سائنسی تحقیق و ترقی کے ماہرین (ایس پی ڈی)، آرمی ایوی ایشن، پارکو، ماحولیاتی تحفظ کے ادارے (ای پی اے) اور حکومت پنجاب نے اشتراک عمل سے مصنوعی بارش کے منصوبے میں کامیابی سمیٹی۔

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے تمام متعلقہ اداروں اور سائنسی ماہرین کو مصنوعی بارش کے کامیاب تجربے پر مبارک باددیتے ہوئے کہاآپ کی محنت اور قابلیت سے پنجاب نے نئی تاریخ رقم کردی، پوری قوم آپ پر فخر کرتی ہے،سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب نے عوام اور تمام ٹیم کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا بارش کی صورت میں اچھی خبر آئی،100 فیصد اپنی مقامی مہارت اور ٹیکنالوجی سے کامیاب تجربہ کیا گیا۔