شادی سے قبل تھیلیسیمیا کی کیریئر سکریننگ انتہائی اہم ہو چکی :سلمان رفیق
لاہور (ہیلتھ رپورٹر)صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق نے فاطمہ جناح میڈیکل یونیورسٹی میں نیشنل تھیلیسیمیاءپری وینشن ڈے کی مناسبت سے منعقدہ آگاہی سیمینار میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔اس موقع پر وائس چانسلر پروفیسر خالد مسعود گوندل، ڈائریکٹر انسٹیٹیوٹ آف بلڈ ٹرانسفیوژن سروسز پروفیسر شبنم بشیر، ڈی جی پی ٹی جی ڈی ڈاکٹر یاسمین احسان، پروفیسر جویریہ منان، پروفیسر نورین اکمل، پروفیسر عبداحمید، پروفیسر ندیم، سندس فاونڈیشن سے یاسین خان، سید عدنان جمیل، عبدالمونم خان، فیکلٹی ممبران اور طلباءو طالبات کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق نے کہاکہ شادی سے قبل تھیلیسیمیاءکی کیریئر سکریننگ انتہائی اہم ہو چکی ہے۔ پنجاب میں بہت سارے ادارے تھیلیسیمیاءکا شکار مریضوں کو علاج و معالجہ کی سہولیات مفت فراہم کر رہے ہیں۔ پنجاب میں تھیلیسیمیاکی ٹیسٹنگ کی سہولیات میں مزید اضافہ کر رہے ہیں۔انہوں نے کہاکہ ہمیں تھیلیسیمیا کی بیماری پر قابو پانے کیلئے شادی سے پہلے اپنے بچوں کی سکریننگ ضرور کروانی چاہئے۔ تھیلیسیمیا پر قابو پانے کیلئے قانون سازی بھی بہت اہم ہے۔ دریں اثناءصوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق نے کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی میں دوسرے سپورٹس میڈیسن سیمینار میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔قومی ہیرو ارشد ندیم نے سیمینار میں خصوصی طور پر شرکت کی۔ صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق نے کہاکہ ارشد ندیم نے اولمپکس 2024 میں گولڈ میڈل جیت کر پاکستان کا نام پوری دنیا میں روشن کیا ہے، ارشد ندیم ہمارے قومی ہیرو ہیں۔ خواجہ سلمان رفیق نے کہاکہ ہم کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی کے علاوہ بھی دیگر طبی درسگاہوں میں سپورٹس میڈیسن کی بنیاد رکھیں گے۔اس کار خیر میں حکومت پنجاب ان کے ساتھ کھڑی ہے۔صوبائی وزیرصحت نے ڈاکٹر اسد عباس شاہ کی سپورٹس میڈیسن میں خدمات کو سراہا۔ صوبائی وزیرصحت خواجہ سلمان رفیق نے سیمینار کے انعقاد پر کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی کی انتظامیہ کو شاباش دی۔



















