لاہور (خبرنگار) صوبائی دارالحکومت میں تجاوزات کے خلاف آپریشن کی آڑ میں بلدیہ عظمیٰ لاہو ر کیخلاف دوہری حکمت عملی کا پول کھل کر سامنے آ گیا۔ غریب اور بے سہارا ٹھیلے و ریڑھی بان زیرو ٹالرنس کی زد میں آ گئے جبکہ بھاری رشوت اور تگڑی سفارش کے حامل تجاوزات مافیا سے آنکھیں چرا لی گئیں۔ یہ تشویشناک صورتحال لاہور کے تمام ٹاﺅنز میں دکھائی دیتی ہے۔ سمن آباد زون کی حدود میں واقع مین بلیوارڈ گلشن راوی پر ڈرائی فروٹ و تازہ پھلوں کی ریڑھیاں اور مستقل تجاوزات جس میں پھولوں کی دکانیں بھی شامل ہیں، کا تاحال خاتمہ نہ کیا جاسکا جبکہ دوسری جانب مون مارکیٹ کے اندر کھانے پینے کے سٹالز اور دیگر چھوٹے کاروبار کا خاتمہ کر کے غریبوں کی روزی روٹی پر شب خون مارا گیا ہے۔ میٹروپولیٹن کارپوریشن میں اعلیٰ سروس کے متعدد افسروں کی تعیناتی کی وجہ سے کافی حد تک سرکاری مافیا کا خاتمہ ممکن ہو ا لیکن ابھی بھی ایسے گھناونے کردار محکمے میں ہیں جو مذکورہ افسروں کی گرفت کو کمزور کرنے کیلئے مسلسل داﺅ پیچ میں مصروف ہیں، تجاوزات کے خلاف آپریشن کو متنازعہ بنانا بھی اسی کھیل کا حصہ ہے۔ بظاہر اس کھیل کو سمن آباد زون کی خاتون ریگولیشن افسر اپنی سربراہی میں انجام دے رہی ہے۔ گلشن راوی مون مارکیٹ میں تجاوزات کا شور دور تک سنائی دینے کے بعد یہاں سے تجاوزات کا خاتمہ تو کر دیا گیا ہے لیکن مین بلیوارڈ سے تجاوزات کا خاتمہ ابھی تک نہیں ہو سکا جس کے باعث اعلیٰ سروس کے افسران کی حکمت عملی کے تحت شروع ہونے والا تجاوزات کے خلاف آپریشن متنازعہ صورتحال اختیار کر گیا ہے۔
بلدیہ عظمیٰ کی دوہری پالیسی،غریب ریڑھی والوں پر کریک ڈاﺅن، مافیا پر نوازشات


















