لاہور (میاں ساجد) سیکرٹری حکومت پنجاب حافظ انیس الرحمن کی فاونٹین ہاوس لاہور آمد، چیئرمین و بانی اخوت ڈاکٹر امجد ثاقب نے انکا پرتپاک استقبال کیا۔ ایم ایس فاونٹین ہاوس ڈاکٹر سید عمران مرتضیٰ عائشہ عمران مرتضیٰ بھی اس موقع پر موجود تھیں۔ سیکرٹری پنجاب حکومت حافظ انیس الرحمن فاﺅنٹین ہاوس کے مختلف شعبوں کا دورہ کیا اور ذہنی امراض میں مبتلا افراد سے ملاقاتیں کیں۔ اس موقع پر ایم ایس فاونٹین ہاوس سید عمران مرتضیٰ نے انہیں بریفنگ کے دوران بتایا کہ فاﺅنٹین ہاﺅس میں داخل مریضوں کی زخم خوردہ رگوں پر مرہم عیسیٰ رکھنے کیلئے ہمہ وقت برسرپیکار ہیں۔ فاونٹین ہاوس کی اوپی ڈی سے لیکر انکی رہائش تک طبی سہولیات کی فراہمی میں لمحہ کی بھی تاخیر نہیں ہوتی۔ فاونٹین ہاوس دورے کے بعد سیکرٹری پنجاب حکومت حافظ انیس الرحمن نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ فاﺅنٹین ہاوس میں جس طریقے سے بہبود مریضا ں کے علاج معالجے میں اپنے فرائض منصبی سرانجام دئیے جا رہے ہیں وہ تاریخ کے ماتھے کا جھومر ہے۔ ہمدردی کے پہلو سے دیکھیں تو فاونٹین ہاوس انسان دوستی کی ایسی مضبوط اور بلند و بالا عمارت ہے جو کسی ناخداﺅں کے خوف سے بالاتر ہوکر ایک ایسے سفر پر محو سفر ہے جسے ہم اللہ کا قرب کہتے ہیں۔ یہاں ذہنی امراض میں مبتلا مریضوں کو علاج کے ذریعے انکی مثبت زندگی میں واپسی کیلئے عملی خدمات کو تاریخ دان ضرور سنہرے حروف سے رقمطراز کریں گے اور لکھنے پر مجبور ہوں گے کہ شمع ہر رنگ میں جلتی ہے سحر ہونے تک۔ ڈاکٹر امجد ثاقب اور ڈاکٹر عمران مرتضیٰ جیسے عظیم مسیحاﺅں کو کون فراموش کرسکتا ہے جنہیں اللہ کی مخلوق سے اتنا انس ہے جسے لفظوں میں بیان کرنا ممکن نہیں۔ آخر میں سیکرٹری پنجاب حکومت حافظ انیس الرحمن نے کہا فاﺅنٹین ہاوس ہمدردیوں کے احساس، اخوت اور محبت کا منہ بولتا ثبوت ہے۔
ذہنی امراض میں مبتلا افراد کیلئے فاﺅنٹین ہاوس کی خدمات ناقابل بیان ہیں :حافظ انیس الرحمن



















