پشاور:(بیورورپورٹ)سابق وزیراعظم و سربراہ عوام پاکستان پارٹی شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے الیکشن چوری ہونے والے ممالک ترقی نہیں کرتے، 70 سال کی تاریخ کا سبق ہے آئین سے ہٹیں گے تو نقصان ہو گا۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے شاہد خاقان عباسی نے کہا ہر الیکشن میں نئے طریقے سے دھاندلی کر کے لوگوں کو آگے لایا جاتا ہے جس ملک میں عوام کی رائے کا احترام نہیں اور الیکشن چوری ہو وہ ترقی نہیں کرسکتا، پاکستان کا بچہ بچہ جانتا ہے سینٹ میں آدھے لوگ پیسے دے کر آئے، ملک میں نااہل،کرپٹ آدمی کو تحفظ دیا جاتا ہے،پاکستان کا بڑا مسئلہ 2 کروڑ 60 لاکھ بچے سکولوں سے باہر ہیں، کوئی ایک صوبہ بھی سکولوں سے باہر رہنے والے بچوں کی بات نہیں کررہا، کسی کو سکولوں میں نہ جانےوالے بچوں کی پرواہ نہیں۔
سابق وزیراعظم نے کہا ملک میں 3بڑی جماعتیں ہیں اور وہ اب بھی اقتدار میں ہیں، کسی جماعت کے پاس وفاقی اور کسی کے پاس صوبائی حکومت ہے، کیا یہ جماعتیں ملک کو ترقی دے سکیں؟ کیا یہ عوام کی فلاح کر سکیں؟ ان کے پاس کوئی سوچ اور اصول نہیں ہے ، مقصد ہر قیمت پر کرسی حاصل کرنا ہے، آگے کیا کرنا ہے کسی کی کوئی سوچ نہیں، شاہد خاقان عباسی نے کہا ماضی کی خرابیاںدہرائی جارہی ہیں۔
الیکشن چوری ہونے والے ممالک ترقی نہیں کرتے،شاہد خاقان عباسی


















