مریض بچوں کو دہلیز پرانسولین کی فراہمی پروگرام کاآغاز،خصوصی کارڈ بھی بنائیں گے،مریم نواز

لاہور :(اپنے رپورٹر سے،ہیلتھ رپورٹر)وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کی زیر صدارت خصوصی اجلاس میں ” چیف منسٹر انسولین “پروگرام شروع ،دور دراز علاقوں میں صحت کی سہولتوں میں بہتری کےلئے بی ایچ یوز کو مریم نواز ہیلتھ کلینک کا درجہ دینے کا فیصلہ کیا گیا۔

مریم نوازنے ہیلتھ سٹاف کےلئے پرفارمینس مینجمنٹ فریم ورک تشکیل دینے اور کارکردگی جانچنے کےلئے” کے پی آئی“ بنانے کی منظوری دےدی، میانوالی، جھنگ ،لیہ ،اٹک اور جہلم کے ہسپتالوں میں کیتھ لیب قائم کرنے کی بھی منظوری دی گئی، ٹائپ ون ذیابیطس کے مریض بچوں کو گھر میں ہی انسولین مہیا کی جائے گی، مریض بچوں کو انسولین کی فراہمی یقینی بنانے کےلئے خصوصی کارڈ بھی بنائے جائیں گے، حکومت کی منظور شدہ کمپنی کولڈ چین و دیگر ایس او پیز کے مطابق انسولین فراہم کرے گی، لاہور سمیت 3اضلاع میں چیف منسٹر انسولین فار آل پائلٹ پراجیکٹ شروع کیا جائےگا، ذیابیطس ٹائپ ون کے مریض مخصوص ایپ یا ہیلپ لائن کے ذریعے اپلائی کر سکیں گے۔

دریں اثنا پنجاب حکومت نے صوبے میں ایکسپورٹ بڑھانے کےلئے ایک اہم اقدام کرتے ہوئے ماڈل گارمنٹ ویلجز بنانے کا فیصلہ کرلیا،وزیراعلیٰ کی منظوری کے بعد سٹیئرنگ کمیٹی قائم کرکے صوبائی وزیر سہیل شوکت بٹ کنونیئر مقرر کردیا گیا۔

مزید برآںبچیوں کے عالمی دن پر اپنے پیغام میں مریم نواز نے کہاقوم کی بیٹیوں کی ہمت، عزم اور قابلیت دنیا کو بدل سکتی ہے،بیٹیاں، بہنیں ،بچیاں قوم کا مستقبل ہیں، بیٹیوں کے خوابوں ،صلاحیتوں کو پروان چڑھانا حق ہی نہیں، قومی فرض بھی ہے، آگے بڑھیں، آپ کےساتھ ہیں،وزیراعلیٰ نے کہاپنجاب حکومت بچیوں ،خواتین کے تحفظ، تعلیم، صحت اور فلاح و بہبود کیلئے بہترین روڈ میپ پر عمل پیرا ہے، قوم کی بیٹیوں کےلئے ای بائیک، ورچوئل پولیس سٹیشن، پنک بٹن، پنک گیمز اور سکالرشپ پروگرام متعارف کرائے،بیٹیوں کو محفوظ ماحول، معیاری تعلیم اور مالی خود مختاری فراہم کرنے کا سفر جاری ہے، خواہش ہے ہر بیٹی اپنے خوابوں کو حقیقت میں بدلنے کے قابل ہو، معاشرہ ساتھ دے۔