4 بھائی لاپتہ کیس: پولیس کا کوئی حال ہی نہیں،جسٹس عامر فاروق

اسلام آباد:(بیورورپورٹ) لاپتہ 4 بھائیوں کی بازیابی کیس میں اسلام آباد ہائی کورٹ ناقص تفتیش پر پولیس افسروں پر برہم،جسٹس عامر فاروق نے ریمارکس دئیے اسلام آباد پولیس کا کوئی حال ہی نہیں۔

تھانہ کھنہ کی حدود سے جنوری سے لاپتہ 4 بھائیوں کی بازیابی کیس پر سماعت ہوئی، عدالت نے ایس ایس پی انویسٹی گیشن اسلام آباد کو مغویوں کی بازیابی کےلئے ہر ممکن اقدامات کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے وزارت دفاع ، داخلہ ، ایف آئی اے سمیت دیگر اداروں سے بھی رپورٹ طلب کرلی،عدالت نے مغویوں کی بازیابی کےلئے ایس ایس پی انویسٹی گیشن کو تمام انٹیلی جنس ایجنسیوں کے اداروں اور چاروں صوبوں کو خط لکھنے کی ہدایت بھی کی۔

چیف جسٹس عامر فاروق نے کہا تمام اداروں اور صوبوں کو خط لکھیں اور اگلے ہفتے پیش رفت رپورٹ سے آگاہ کریں،دوران سماعت چیف جسٹس عامر فاروق نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے پولیس افسران کےساتھ مکالمہ کرتے ہوئے کہا اسلام آباد پولیس کا تو کوئی حال ہی نہیں ، کوئی ذمے داری نہیں لیتا، کیا پنجاب میں بھی تفتیشی افسر ایسے ہی ہیں؟ ،عدالت نے کیس کی سماعت آئندہ ہفتے تک ملتوی کردی۔