چیف منسٹرز چلڈرن ہارٹ سرجری پروگرام کے تحت 280 بچوں کے آپریشن ہوچکے :خواجہ سلمان رفیق

لاہور (ہیلتھ رپورٹر) صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق کی زیر صدارت محکمہ سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن میں چیف منسٹرز چلڈرن ہارٹ سرجری پروگرام کے حوالے سے اہم اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں پارلیمانی سیکرٹری رشدہ لودھی نے بھی شرکت کی۔ اجلاس میں سیکرٹری صحت پنجاب عظمت محمود خان، سپیشل سیکرٹری ڈویلپمنٹ سید واجد علی شاہ، ایڈیشنل سیکرٹری ڈاکٹر وحید، وائس چانسلر یونیورسٹی آف چائلڈ ہیلتھ سائنسز پروفیسر مسعود صادق، سی ای او پنجاب ہیلتھ انشی ایٹو مینجمنٹ کمپنی ڈاکٹر علی رزاق اور پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ سے ڈائریکٹر نوشین نے شرکت کی۔ صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق نے اجلاس کے دوران چیف منسٹرز چلڈرن ہارٹ سرجری پروگرام کا تفصیلی جائزہ لیا۔ پی آئی ٹی بی نے اس حوالہ بریفنگ دی۔ صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق نے اس موقع پر کہا کہ الحمدللہ لانچنگ سے اب تک چیف منسٹرز چلڈرن ہارٹ سرجری پروگرام کے تحت 280 سے زائد معصوم بچوں کی سرجریز کامیاب ہو چکی ہیں۔ چیف منسٹرز چلڈرن ہارٹ سرجری پروگرام کا دائرہ کار بڑھایا جائیگا۔ اس پروگرام کے تحت معصوم بچوں کی سرجریز کی ویٹنگ لسٹ میں واضح کمی واقع ہو رہی ہے۔ اس کار خیر میں کاوش کرنے والے ہر انسان کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔ اس پروگرام سے قبل معصوم بچوں کے والدین کو سرجریز کیلئے ویٹنگ لسٹ کے مطابق مہینوں انتظار کرنا پڑتا تھا۔ اس پروگرام کے تحت پنجاب کے چلڈرن ہسپتالوں کی صلاحیت میں بھی اضافہ کیا جا رہا ہے۔ چیف منسٹرز چلڈرن ہارٹ سرجری پروگرام کی ڈیش بورڈ کے ذریعے مسلسل مانیٹرنگ جاری ہے۔ حکومت پنجاب نے بچوں کی ہارٹ سرجری پروگرام کا پورا نظام انتہائی شفاف بنایا ہے۔