ساتویں مردم شماری کی بنیاد پر صوبائی سطح کی رپورٹس جاری کی جائیں: احسن اقبال

اسلام آباد (بیورو رپورٹ) وفاقی وزیر منصوبہ بندی و ترقی پروفیسر احسن اقبال نے کہا ہے کہ ڈیٹا معلومات پر مبنی فیصلہ سازی کی بنیاد ہے، یہ بہت ضروری ہے کہ ہم اس سے مکمل طور پر فائدہ اٹھا کر اپنے ملک کی پوری صلاحیت کو بروئے کار لائیں،ساتویں مردم شماری کی بنیاد پر صوبائی سطح پر رپورٹس جاری کی جائیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنی زیر صدارت پی بی ایس ڈیٹا فیسٹ 2024 کی تیاریوں کیلئے جائزہ اجلاس سے خطاب میں کیا۔ اجلاس میں سیکرٹری پلاننگ اویس منظور سمرا، چیف سٹیٹس ٹیشن ڈاکٹر نعیم ظفر اور ممبر سرور گوندل سمیت اہم افسران نے شرکت کی۔ اجلاس کا مقصد ڈیٹا فیسٹ 2024 کے ذریعے ڈیٹا کی اہمیت کو اجاگر کرنا اور اس کو ترقی کیلئے بروئے کار لانا تھا۔ ڈیٹا فیسٹ 2024 کا مقصد ڈیٹا خواندگی کو فروغ دینا اور ڈیٹا کے سٹرٹیجک استعمال کے ذریعے جدت، انضمام اور ترقی کو بڑھانا ہے۔ وفاقی وزیر پروفیسر احسن اقبال نےاس بات پر زور دیا کہ ڈیٹا کے ذریعے فیصلہ سازی کو مضبوط بنانا پاکستان کی ہر شعبے میں ترقی کیلئے کلیدی حیثیت رکھتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ڈیٹا معلومات پر مبنی پر فیصلہ سازی کی بنیاد ہے اور یہ بہت ضروری ہے کہ ہم اس سے مکمل طور پر فائدہ اٹھا کر اپنے ملک کی پوری صلاحیت کو بروئے کار لائیں۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ ساتویں مردم شماری 2023 جو پہلی ڈیجیٹل مردم شماری ہے، کی بنیاد پر صوبائی سطح پر رپورٹس جاری کی جائیں تاکہ مقامی سطح پر مباحثے کو فروغ ملے اور پالیسی سازی کے عمل میں بہتری لائی جا سکے۔ یہ رپورٹس صوبے کی سماجی و اقتصادی حالت کو بہتر طور پر سمجھنے اور مو¿ثر پالیسی منصوبہ بندی کیلئے اہم ہوں گی۔پروفیسر احسن اقبال نے اس بات پر بھی زور دیا کہ اس ایونٹ میں مصنوعی ذہانت (AI) کے ماہرین اور جامعات کے سٹیک ہولڈرز کو شامل کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ ڈیٹا مصنوعی ذہانت کی بنیاد ہے اور اس فیسٹیول کے ذریعے ہم ڈیٹا اور ٹیکنالوجی کے درمیان خلا کو پر کرنے کیلئے ماہرین اور تعلیمی شعبے کے ساتھ تعاون کریں گے تاکہ قومی ترقی کیلئے جدید حل تلاش کئے جا سکیں۔ وفاقی وزیر نے ہدایت کی کہ ڈیٹا فیسٹ 2024 میں جامعات کے طلبا کی شمولیت کو یقینی بنایا جائے اور ان کیلئے ڈیٹا مقابلوں کا اہتمام کیا جائے تاکہ وہ پی بی ایس کے ڈیٹا کو تخلیقی طریقوں سے استعمال کریں۔ انہوں نے کہا کہ یہ اقدام نوجوانوں کو مثبت سرگرمیوں میں شامل کرنے اور ان کی صلاحیتوں کو بہتر بنانے میں اہم کردار ادا کریگا۔