پرامن مستقبل کیلئے ہنر مند نوجوانوں کی ضرورت ہے:احسن اقبال

لاہور (ایجوکیشن رپورٹر) وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے کہا ہے کہ پائیدار اور پرامن مستقبل کیلئے ہنر مند نوجوانوں کی ضرورت ہے، نوجوانوں کا مستقبل محفوظ بنانا حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے، معیشت کی مضبوطی کےلئے پالیسیوں کا تسلسل ناگزیر ہے، ڈیجیٹل دہشت گردی کا مقصد پاکستانی قوم میں نفاق اور مایوسی پھیلانا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی لاہور کے کیمپس نارروال میں نئے سال کے طلبہ کی تعارفی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ تقریب سے وائس چانسلر ڈاکٹر شاہد منیر نے بھی خطاب کیا ۔ احسن اقبال نے کہایو ای ٹی نارووال کو اپ گریڈ کیا جا رہا ہے تاکہ یونیورسٹیوں سے فارغ التحصیل افراد ایڈوانس ہنر سیکھ کر قوم کی بہتر خدمت کر سکیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں ٹیکنالوجی کے لحاظ سے دنیا سے ہم آہنگ ہونا ہو گا جبکہ مصنوعی ذہانت نے ٹیکنالوجی کے میدان میں انقلاب برپا کر دیا ، سائنس و ٹیکنالوجی کے میدان میں مطلوبہ پیشرفت کئے بغیر ہم بہت پیچھے رہ جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان نے اگر بڑی تیزی سے ترقی کرنا ہے تو انجینئرنگ کے شعبہ کو آنے والے وقت سے ہمکنار کرنا ہوگا ۔پاکستان کا مستقبل ، ٹیکنالوجی کی دسترس سے ہے پاکستان کی تعمیر نو میں انجینئرنگ یونیورسٹی کا کلیدی کردار ہے۔وفاقی وزیر نے انجینئرنگ کے طالب علموں پر زور دیا کہ وہ پاکستان کی ایکسپورٹ بڑھانے میں اپنا بھرپور کردار ادا کریں۔ وائس چانسلر ڈاکٹر شاہد منیر نے کہاکہ یو ای ٹی کا شمار دنیا کی بہترین انجینئرنگ کی جامعات میں ہوتا ہے۔دور حاضر میں انجینئرنگ کے جدید رحجانات کو مدنظر رکھتے ہوئے ہمیں انجینئرنگ کے شعبے میں نئی اصطلاحات لانے کی ضرورت ہے۔ ہمارے نوجوان ہمارا اثاثہ ہیں ہمیں چاہیے کہ انکو جدید تعلیم اور فنی مہارتوں سے لیس کریں۔انہوں نے مزید کہا کہ نوجوان طلبا کو چاہیے کہ وہ جاب مارکیٹ کی ڈیمانڈ کو سامنے رکھ کر نئے اور تخلیقی آئیڈیا زلیکر آئیں تاکہ مارکیٹ میں بڑھتی ہوئی انکی ڈیمانڈ کو پورا کیا جا سکے۔تعارفی تقریب میں کیمپس کوارڈی نیٹر پروفیسر ڈاکٹر شہباز، فیکلٹی ممبران اور طلبہ کی بڑی تعداد نے شرکت کی ۔