پاکستان کی اینیمیٹڈ فلم دی گلاس ورکر آسکرز میں بین الاقوامی فیچر فلم کیٹیگری میں نامزد

لاہور (مشرق نیوز) اینیمیٹڈ فلم دی گلاس ورکر کے ہدایتکار عثمان ریاض نے فلم کا آسکرز کےلئے منتخب ہونے پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہاہے کہ میرے لیے یہ اعزاز کی بات ہے کہ ہم دنیا کی بہترین فلموں کے ساتھ مقابلہ کریں گے۔تفصیلات کے مطابق پاکستان کی پہلی ہاتھ سے بنائی گئی اینیمیٹڈ فلم دی گلاس ورکر کو 2025کے آسکرز کےلئے بین الاقوامی فیچر فلم کیٹیگری میں پاکستان کی آفیشل انٹری کے طور پر منتخب کیا گیا ہے۔جنگ مخالف کہانی پر مبنی اس فلم کو ہدایتکار عثمان ریاض نے 10سال میں مکمل کیا تھا۔میڈیاسے گفتگو میں عثمان نے اپنی خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ میرے لئے یہ اعزاز کی بات ہے کہ ہم دنیا کی بہترین فلموں کے ساتھ مقابلہ کریں گے اور اپنے فن کو فخر کے ساتھ پیش کریں گے۔اس سوال کہ پاکستان کی سکڑتی ہوئی سنیما انڈسٹری کےلئے یہ فلم دوسرے فلمسازوں کےلئے امید کی کرن ثابت ہوگی؟ انہوں نے جواب دیا کہ مجھے نہیں معلوم کہ یہ پاکستانی سنیما کےلئے کیا معنی رکھتی ہے لیکن ایک بات کا میں یقین سے کہہ سکتا ہوں کہ میں مزید اچھا کام کرنے کی پوری کوشش کروں گا اور آگے بڑھتا رہوں گا۔عثمان نے کہا کہ آسکرز میں منتخب ہوجانا نہ صرف میرے لئے بلکہ مانو اینیمیشن اسٹوڈیوز کی پوری ٹیم کےلئے بہت بڑی بات ہے جنہوں نے اس پروجیکٹ میں اپنا دل و جان لگا دیا۔انہوں نے کہا کہ آسکرز کےلئے فلم کا منتخب ہوجانا ہمیں کہانیاں اور اینیمیشن کے دائرے کو مزید آگے بڑھانے میں مدد دے گا ۔