سانحہ نائن الیون کو 23 برس بیت گئے،دہشت گردی نے دنیا کا منظر نامہ بدل دیا

واشنگٹن (خواجہ فاروق سے) امریکہ میں 11 ستمبر 2001 کو ہونیوالے نائن الیون حملوں کو 23 برس مکمل ہو گئے ہیں ، امریکہ کے شہر نیویارک میں دہشت گردی کی وہ کارروائی ہوئی تھی جس نے دنیا کا منظر نامہ بدل کر رکھ دیا،11 ستمبر 2001 کو نیویارک کے ورلڈ ٹریڈ سینٹر، پینٹاگون اور پنسلوینیا میں طیاروں سے حملے کیے گئے جس میں تقریباً3 ہزار افراد ہلاک ہوئے تھے،تباہ ہونے والے چاروں طیاروں میں سوار مسافروں اور جہاز کے عملے کی تعداد 246 تھی جن میں سے کوئی بھی زندہ نہیں بچ سکا، حملوں میں مرنے والے افراد کا 77 مختلف ممالک سے تعلق تھا،حملے کے چند گھنٹوں بعد ہی اس وقت کے امریکی صدر جارج بش نے دہشتگردی کےخلاف جنگ کا عندیہ دیدیا تھا،امریکہ نے اسی سال القاعدہ کو ذمہ دار قراردے کر افغانستان پرحملہ کردیا تھا جس کا آغاز 7 اکتوبر کو افغانستان میں آپریشن اینڈیورنگ فریڈم کے نام سے کیا گیا،نائن الیون حملوں کے بعد دنیا بھر میں پاکستان امریکہ کا سب سے اہم اور دہشتگردی کےخلاف فرنٹ لائن اتحادی بن کر سامنے آیا،سابق صدر پرویز مشرف نے جہاں افغان طالبان کےخلاف امریکی و نیٹو سپلائی کیلئے پاکستانی سرحدیں کھول دیں، وہیں قوم کو بتائے بغیر کئی پاکستانی ہوائی اڈے اور دیگر عسکری سہولیات بھی امریکہ کو دے دیں،ورلڈ ٹریڈ سنٹر کے ٹوئن ٹاورز کے ملبے کو وہاں سے اٹھانے میں 8ماہ لگے، گراو¿نڈ زیرو پر میوزیم بن چکا ہے اور اس کے اردگر مختلف ڈیزائن کی عمارتیں کھڑی ہو چکی ہیں،اب ٹوئن ٹاور کی جگہ ون ورلڈ ٹریڈ سنٹر یا فریڈم ٹاور تعمیر ہو چکا ہے جس کی اونچائی 1776 فٹ ہے اور یہ تباہ ہونے والے شمالی ٹاور جس کی اونچائی 1368 فٹ تھی سے 408 فٹ بلند ہے،پینٹاگان کی تعمیر نو میں ایک سال سے بھی کم وقت لگا اور اگست 2002 میں پینٹاگون کا عملہ واپس اسی جگہ واپس پہنچ چکا تھا۔