لاہور (کرائم رپورٹر) سیکرٹری ایمرجنسی سروسز ڈیپارٹمنٹ ڈاکٹر رضوان نصیر نے ایمرجنسی سروسز ہیڈ کوارٹرز میں منعقدہ ڈویژنل ایمرجنسی آفیسرزکے اجلاس میں اضلاع کی آپریشنل کارکردگی کا جائزہ لیا۔ انہوں نے پنجاب کے تمام اضلاع میں سروس کے یکساں معیار کو یقینی بنانے پر زور دیا کیونکہ تمام اضلاع کو یکساں وسائل فراہم کئے گئے ہیں لہٰذا سروس ڈیلیوری پر کوئی کمپرومائیزنہیں ہے۔ ڈاکٹر رضوان نصیر نے کہا کہ سروس کا دائرہ کار موٹر ویز تک جلد بڑھا دیا جائیگا، اسلئے تمام ڈویژنل ایمرجنسی آفیسرز سروس کے معیار کو ہر حال میں یقینی بنائیں کیونکہ تمام اضلاع میں یکساں وسائل دیئے گئے ہیں۔ڈویژنل ایمرجنسی آفیسرز نے سیکرٹری ایمرجنسی سروسز کو ایمرجنسی ریسپانس ، ریسکیو سٹیشنوں اور ایمرجنسی گاڑیوں کی درجہ بندی، کمیونٹی ایمرجنسی ریسپانس ٹیموں کی تعداد وغیرہ کے بارے میں آگاہ کیا۔ اجلاس میں رجسٹرار ایمرجنسی سروسز اکیڈمی، پنجاب ایمرجنسی سروس کے ایڈمنسٹریٹر، لاہور، راولپنڈی، فیصل آباد، گوجرانوالہ، ملتان، سرگودھا، ساہیوال، بہاولپور، ڈی جی خان کے ڈویژنل ایمرجنسی افسران، ونگز کے سربراہان ، اکیڈمی اور ہیڈ کوارٹرز کے سینئر افسران نے شرکت کی۔ سیکرٹری ایمرجنسی سروسز، ڈاکٹر رضوان نصیر نے کہا کہ پنجاب بھر میں ایمرجنسی وہیکلزکی سروس کیلئے دستیابی ، کمیونٹی ریسکیو سٹیشنز کی نگہداشت اور عوام الناس کو ایمرجنسی سروسز کی فراہمی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائیگا۔ انہوں نے کہا کہ کسی بھی غفلت اور لاپرواہی کی صورت میں متعلقہ ڈویژنل ایمرجنسی آفیسر جوابدہ ہو گا۔ سیکرٹری ایمرجنسی سروسز نے ہدایات دیتے ہوئے کہا کہ تمام ایمرجنسی میڈیکل ٹیکنیشن کو یقینی بنانا چاہیے کہ ان کی ایمرجنسی کٹ ہر وقت پوری طرح تیارہو تاکہ ایمرجنسیز پر پیشہ وارنہ انداز سے ریسپانس کیا جاسکے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ پنجاب بھر میں معیاری ایمرجنسی سروس کی فراہمی اولین ترجیح ہے۔ سروس کے پروٹوکولز اور معیاری سروس کی فراہمی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ڈاکٹر رضوان نصیر نے کہا کہ آپ اللہ کے چنے ہوئے لوگ ہیں جو نہ صرف متاثرین کو بروقت ایمرجنسی سروسز فراہم کرکے اپنی ذمہ داریاں پوری کرتے ہیں بلکہ لوگوں کی دعائیں بھی حاصل کرتے ہیں اور اللہ تعالیٰ کو راضی کرتے ہیں، اب یہ ہماری ذمہ داری ہے کہ ہم اپنے کام کو ایمانداری، خلوص اور جذبے کے ساتھ کو انجام دیں۔
پنجاب بھر میں معیاری ایمرجنسی سروس کی فراہمی اوّلین ترجیح ہے: ڈاکٹر رضوان نصیر


















