اسلام آباد (بیورو رپورٹ) وفاقی وزیر سرمایہ کاری بورڈ و نجکاری عبدالعلیم خان نے کہا ہے کہ چین سے پاکستان میں صنعتوں کی منتقلی اور نئی فیکٹریوں کا بڑے پیمانے پر قیام خوش آئند ہے، چین سمیت دیگر ممالک کو پاکستان میں سرمایہ کاری کیلئے غیر معمولی سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنائیں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے چین کے بڑے کاروباری گروپ ہیگزنگ الیکٹریکل کے چیئرمین لیانگ ژانگ زہو سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا جنہوں نے وفاقی وزیر سے ہفتہ کو ملاقات کی۔ انہوں نے پاکستان کے اہم شعبوں میں بھاری سرمایہ کاری میں دلچسپی کا اظہار کیا۔ سرمایہ کاری بورڈ کی طرف سے جاری بیان کے مطابق ہیگزنگ گروپ چین کے چیئرمین لیانگ ڑانگ زہو نے وفاقی وزیر سرمایہ کاری بورڈ و نجکاری عبدالعلیم خان سے ملاقات کی۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے چینی گروپ کے سربراہ نے کہا کہ پاکستان میں ”قابل تجدید توانائی “کے شعبے میں سرمایہ کاری اور فیکٹریاں لگانا چاہتے ہیں،انورٹرز اور بیٹریز کی تیاری کا یہ پاکستان میں پہلا با قاعدہ ادارہ ہو گا۔ وفاقی وزیر سرمایہ کاری نے کہا کہ چین سمیت دیگر ممالک کو پاکستان میں سرمایہ کاری کیلئے غیر معمولی سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنائیں گے۔
چین سے پاکستان میں صنعتوں کی منتقلی اور نئی فیکٹریوں کا قیام خوش آئند ہے :عبدالعلیم خان

















