جیل افسران کی جانب سے سرکاری گاڑیوں کا بلادریغ ذاتی استعمال ،آئی جی کا فوری سدباب کا حکم

لاہور (مرزا ندیم بیگ) جیل افسران سرکاری گاڑیوں کو ذاتی گاڑیاںسمجھ کر جیلوں سے تبادلے کے بعدبھی گاڑیاں سپرنٹنڈنٹس کو فراہم کرنے کی بجائے اپنے ذاتی استعمال میں رکھنے لگے جس کے باعث نئے تعینات ہونے والے ڈی آئی جیز اور سپرنٹنڈنٹس سرکاری گاڑیوں سے محروم ہیں، آئی جی جیل خانہ جات پنجاب میاں فاروق نذیر نے حقائق کے بارے میں علم ہونے پر فوری سرکاری گاڑیوں کے غلط استعمال کو روکنے کےلئے احکامات دیئے جس پر ڈی آئی جی ہیڈ کوارٹر میاں سالک جلال نے تمام افسران کو مراسلہ جاری کردیا،پنجاب میں ریجنل دفاترو جیلوں کو سرکاری گاڑیاں فراہم کی گئی ہیں اور ان گاڑیوں کی الاٹمنٹ دفاتر و جیلوں کے ساتھ کی گئی۔مراسلہ میں کہا گیا گاڑیاں ڈی آئی جیز و سپرنٹنڈنٹ جیلوں کے نام سے الاٹ نہیں کی گئیں، افسران ٹرانسفر و پوسٹنگ کے وقت الاٹمنٹ پالیسی کی خلاف ورزی کرتے ہوئے گاڑیاں اپنے ساتھ رکھتے ہیں، ایسی صورت میں نئے تعینات ہونے والے ڈی آئی جی و سپرنٹنڈنٹ جیلوں کے لیے بھی مشکلات پیدا کرتی ہے آئندہ افسر کسی دوسرے اسٹیشن پر ٹرانسفر پوسٹنگ کے وقت اپنے ساتھ سرکاری گاڑی نہیں لے جائے گا،ریجنل دفاتر/جیلوں کو الاٹ کی گئی سرکاری گاڑی متعلقہ علاقائی دفاتر/جیلوں میں رکھی جائے اور اسے اس دفتر/ جیل میں تعینات افسران کے حوالے کیا جائے گا۔جاری مراسلہ میں مزید کہا گیا کہ مستقبل میں گاڑی کونئے افسرکے حوالے کرنے اور چارج رپورٹ میں سرکاری گاڑی کے حوالے کرنے اورلینے کو بھی شامل کیا جائے گا، ان ہدایات پر مکمل طور پر عملدرآمد یقینی بنایا جائے،آئی جی جیل خانہ جات پنجاب کا اس حوالہ سے کہنا تھا کہ ڈی آئی جیز اور سپرنٹنڈنٹس کے بارے میں پتہ چلا تھا کہ وہ جب ٹرانسفر ہو جاتے ہیں تو جو سرکاری گاڑیاں ان کی دی جاتی ہیں جلدی واپس نہیں کرتے جبکہ اس وجہ سے نئے تعینات ہونے والوں کو پریشانی کا سامنا کرنا پڑتا ہے اس کا فوری سدباب کر دیا گیا ہے آئندہ جو بھی جیل افسر ٹرانسفر ہو گا وہ نئے آنے والے افسر کو گاڑی دے کر جائیگا۔