کوئٹہ (مشر ق نیوز) بلوچستان میں کئی مقامات پر رات گئے حملوں پر سکیورٹی فورسز کی جوابی کارروائی میں 12 دہشت گرد ہلاک اور متعدد زخمی ہو گئے۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق دہشت گردوں کے خاتمے تک آپریشن جاری رہے گا، مزید کہا کہ بلوچستان میں دہشت گردوں نے کئی مقامات پر بزدلانہ حملے کیے، تاہم رپورٹ میں حملوں کے مقامات کی وضاحت نہیں کی گئی۔
سکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں نے ان حملوں کا موثر جواب دیا۔ دریں اثنا، بلوچستان کے ضلع قلات کے مختلف مقامات پر سکیورٹی فورسز اور مسلح افراد کے درمیان شدید جھڑپوں کے نتیجے میں ایک سب انسپکٹر اور 4 لیویز اہلکار سمیت 11 افراد جاں بحق ہوگئے۔
سول ہسپتال قلات کے عہدیدار نے بتایا کہ 11 لاشیں اور 6 زخمیوں کو قلات سول ہسپتال منتقل کیا گیا ہے۔ انکا کہنا تھا کہ قلات میں مختلف مقامات پر رات گئے جھڑپوں میں ایک سب انسپکٹر اور 4 لیویز اہلکار سمیت 11 افراد جاں بحق ہوئے ہیں۔ مسلح افراد نے ہوٹل اور گھر پر حملہ کیا تھا، جس کے نتیجے میں ایک قبائلی اور ہوٹل پر موجود دیگر 2 شہری بھی جاں بحق ہوگئے، ملزمان نے قبائلی شہری کے ہوٹل کو بھی نقصان پہنچایا۔
قبل ازیں، لیویز کنٹرول روم کے مطابق قلات میں رات گئے مہلبی کے مقام پر سیکیورٹی فورسز اور حملہ آوروں کے درمیان شدید جھڑپیں ہوئیں۔ لیویز کنٹرول روم کے مطابق قلات فائرنگ میں قبائلی رہنما بھی جاں بحق ہوئے جبکہ قلات فائرنگ سے ہوٹل پر 2 شہری بھی جاں بحق ہوئے۔ لیویز کنٹرول روم کے مطابق اسسٹنٹ کمشنر سمیت 5 لیویز اہلکار زخمی ہوئے ہیں جنہیں علاج کیلئے خضدار اور کوئٹہ منتقل کر دیا گیا ہے۔
بلوچستان کے مختلف مقامات پر سکیورٹی فورسز کی جوابی کارروائی، 12 دہشت گرد ہلاک



















