ترقیاتی منصوبوں میں تعمیراتی معیار، ٹائم لائن کی پابندی یقینی بنائی جائے :آئی جی پنجاب

لاہور (کرائم رپورٹر) انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کہا ہے کہ ایلیٹ پولیس ٹریننگ سکول کے انفراسٹرکچر ڈویلپمنٹ، ٹریننگ کے معیار کو مزید بہتر بنا رہے ہیں، دیگر ممالک سے آنے والے وفود کیلئے جدید ٹریننگ، رہائش، خوراک، سکیورٹی کی سہولیات کے معیار میں مزید بہتری لائی جائے، آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے جاری ترقیاتی منصوبوں میں اعلیٰ تعمیراتی معیار اور ٹائم لائن کی پابندی یقینی بنانے کے احکامات جاری کئے۔ آئی جی پنجاب نے کہا کہ سپروائزری افسران جاری تعمیراتی کاموں کو ذاتی نگرانی میں جلد از جلد مکمل کروائیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز سنٹرل پولیس آفس میں ڈویلپمنٹ پراجیکٹس کے بارے میں اہم اجلاس کی صدارت کے دوران کیا۔ دوران اجلاس ایلیٹ ٹریننگ سکول اینڈ ہیڈ کوارٹرز بیدیاں روڈ میں ترقیاتی منصوبوں پر پیشرفت کا جائزہ لیا گیا۔ ایڈیشنل آئی جی ایلیٹ ڈاکٹر وقار عباسی، ڈی آئی جی ایلیٹ منصور الحق، اے آئی جی ڈویلپمنٹ صاحبزادہ بلال عمر، سینئر افسران نے اجلاس میں شرکت کی ، ایڈیشنل آئی جی ایلیٹ فورس ڈاکٹر وقار عباسی نے اجلاس کو ترقیاتی منصوبوں پر جاری پیشرفت سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ ایلیٹ فورس کے ہوسٹلز، ریسٹ ہاوسز، بیرکس، میس، کیفے ٹیریا، اور کچن میں عالمی معیار کی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں جبکہ ساتھ ہی ساتھ ایلیٹ پولیس ٹریننگ سکول کی فراہم کردہ سہولیات کی اپ گریڈیشن جاری ہے۔ دریں اثناء پنجاب پولیس کے ایک اور سپوت نے فرض کی راہ میں جان کا نذرانہ پیش کر دیا۔راجن پور، پولیس پکٹ پر ڈاکووں کے حملہ کے ایک اور زخمی کانسٹیبل رفیق احمد بے بھی جام شہادت نوش کر لیا ہے۔ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے شہید کانسٹیبل رفیق احمد کی لازوال قربانی کو خراج عقیدت کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب پولیس کی تاریخ ملک و قوم کی حفاظت کے دوران شہادت کا رتبہ پانے والے بہادر سپوتوں سے بھری پڑی ہے،آئی جی پنجاب نے کہا کہ شہریوں کی جان و مال کے تحفظ، فرض کی راہ میں جان قربان کرنے والے شہید کانسٹیبل کو سلام پیش کرتے ہیں، شہید کے اہل خانہ کی بہترین ویلفیئر کیلئے ترجیحی اقدامات عمل میں لائیں گے۔انہوں نے واقعہ میں زخمی تیسرے اہلکار اے ایس آئی صدیق کو علاج معالجے کی بہترین سہولیات کی فراہمی کی ہدایت کی۔