ہمارے لیے بڑی پارلیمنٹ اور باعزت پاکستان ہے،گرینڈ اپوزیشن الائنس

اسلام آباد:(بیورورپورٹ)پی ٹی آئی کاعلامتی بھوک ہڑتالی کیمپ معطل، گرینڈ اپوزیشن الائنس نے الیکشن ایکٹ چیلنج کرنے اورآئین وجمہوریت پر 14 اگست کوبڑے شہروں میں سیمینارکرانے کا اعلان کردیا۔

گرینڈ اپوزیشن الائنس کا اجلاس تحریک تحفظ آئین پاکستان کے سربراہ محمود اچکزئی کی زیر صدارت ہوا،اجلاس کے بعد صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے عمر ایوب نے علامتی بھوک ہڑتالی کیمپ معطل کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا13اگست کو پاکستانی جھنڈے لےکر طلبہ ،نوجوان نکلیں گے، 14 اگست کو آئین و جمہوریت پر سیمینار منعقد کیے جائیں گے، بلاول بھٹو کنفیوژن کا شکار ہیں اور ہر جگہ سے مزے لے رہے ہیں،بجلی کی قیمت پر2 روپے 64 پیسے بلاول کی اتحادی حکومت نے بڑھائے،بلاول بھٹو حکومتی ناکامی نظر آنے پر بوکھلا گئے۔

محمود اچکزئی نے کہا پہلا الائنس ہے جو کسی کےخلاف ہے نہ کسی کی مخالفت میں ہے، آرمی چیف، ججز بڑے ہوں گے اللہ مزید بڑا کرے ہمارے لیے بڑی پارلیمنٹ اور باعزت پاکستان ہے، تمام افراد کو کہتے ہیں آکر رہبری کریں تاکہ پاکستان کو اچھا چلایا جا سکے،14 اگست کو ہر صوبے میں حقیقی آزادی کے نام سے دانش وروں کو اکٹھا کریں گے اصلی حقیقی آزادی کیا بتائیں گے کیونکہ حقیقی آزادی کے ثمرات عوام کے سپرد نہیں کیے گئے، اب وقت ہے سب توبہ کریں اور پاکستان ترقی کرے۔

بیرسٹر گوہر نے کہا سپریم کورٹ کے فیصلے آئین و قانون کے مطابق ہیں، فیصلے کو ختم کرنے کےلئے قانون سازی کی جارہی ہے، 41 ممبران اسمبلی الیکشن ایکٹ قانون سازی کو چیلنج کریں گے، محمود خان اچکزئی پارٹی و دیگر جماعتیں بھی قانون سازی کو چیلنج کریں گی، جسٹس منصور علی شاہ کے چیف جسٹس بننے کا نوٹی فکیشن فوری طور پر جاری کیا جائے۔

اسد قیصر نے کہا فل کورٹ فیصلے دے تو کس حیثیت سے تبدیل کیے جاتے ہیں؟ عدلیہ کےساتھ کھڑے ہیں ، حقیقی آزادی پروگرام میں سنجیدہ سوچ رکھنے والوں کو بلائیں گے۔