حکومت کو وقت دےدیا،معاہدے پر عمل نہ ہوا تو دھرنا پھر ہوگا،حافظ نعیم الرحمن

راولپنڈی،لاہور:(بیورورپورٹ،اپنے رپورٹر سے)جماعت اسلامی کا راولپنڈی کے مری روڈ پر اظہار تشکر جلسہ،دھرنا ختم کرنے کاباقاعدہ اعلان ،امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن نے کہا تنخواہ دار طبقے پر اضافی ٹیکس قبول نہیں، معاہدے پر عمل ہوا تو 45 دن میں نتائج نظر آئیں گے، عمل نہ کیا تو دھرنا پھر شروع ہوگا،ارشد ندیم کے معرکہ سر کرنے پر پوری قوم کو مبارکباد دیتے ہیں، قومی اتھلیٹ نے گولڈ میڈل جیتنے کےساتھ ورلڈ ریکارڈ بھی قائم کیا ۔

حافظ نعیم الرحمن نے کہاحکومتی کمیٹی کو ایک ایک چیز سے آگاہ کیا ،45 دنوں میں پورے مسئلے کو حل کردیا جائے گا، یقین ہے حکومت نے معاہدے پر عمل درآمد کیا تو جلد تمام مسائل حل ہو جائیں گے،حکومت کو وقت دےدیا،بات طے کر لی اب عوام کو ریلیف دینا پڑے گا ،آئی پی پیز کے معاملے پر شور مچنے کاکریڈٹ جماعت اسلامی کو جاتا ہے،دھرنے سے اہداف حاصل کرلیے، احتجاج موخر کیاختم نہیں ،حکومت کو بتایا بچنے کا طریقہ ہے اپنے اخراجات کم کرے۔

امیر جماعت اسلامی نے کہاعوام کی آواز بن کر آئی پی پیز پر آگہی دی، فیول ایڈجسٹمنٹ کے نام پر بجلی پر ٹیکسز بالکل غلط ہیں، حکومت کےساتھ معاہدے کے تحت جماعت اسلامی ،حکومت کی مشترکہ کمیٹی 30 دن میں بجلی بلوں پر نظر ثانی کرے گی،حکمرانوں کو معاہدے پر عمل کرنا ہوگا۔

دوسری جانب حکومت ،جماعت اسلامی کے درمیان معاہدے کی تفصیلات سامنے آگئیں،معاہدے کے مطابق تنخواہ دار طبقے پر بوجھ، بجلی بلوں ،ٹیکسز فوری کم،بڑے جاگیرداروں ،لینڈ ہولڈر پر انکم ٹیکس کا موثر نظام وضع کیا جائےگا، تاجروں ،ایکسپوٹرز کے مسائل کے حل کےلئے کمیٹی بنے گی،آئی پی پیز معاہدوں پر مکمل نظر ثانی کی جائے گی، ٹاسک فورس ایک ماہ میں کام مکمل کرے گی، اگست کے بجلی بلوں کی ادائیگی کو 15 دن کےلئے موخر کیا جائے گا۔

کیپسٹی پیمنٹس کی ادائیگی فی یونٹ کی کمی سے منسلک ہو گی،ٹاسک فورس میں واپڈا چیئرمین، آڈیٹرجنرل اور ایف پی سی سی آئی کے نمائندے شامل ہوں گے ،کے الیکٹرک کا فرانزک آڈٹ کرایا جائے گا، سرکاری سطح پر استعمال ہونے والی گاڑیوں کو 1300 سی سی تک محدود کیا جائے گا، حکومت غذائی اشیا کی قیمتوں اور ٹیکس میں کمی کرے گی۔