2 ججز کے اختلافی نوٹ نے سپریم کورٹ کے فیصلے پر بڑا سوالیہ نشان لگادیا:عطاءتارڑ

لاہور: (اپنے رپورٹر سے )وزیر اطلاعات عطا تارڑ نے کہا ہے2 ججز کے اختلافی نوٹ نے مخصوص نشستوں کے فیصلے پر بڑا سوالیہ نشان لگادیا،عدالتی فیصلہ آئین کے آرٹیکلز سے باہر جا کر لکھا گیا،فیصلے میں سقم و قانونی رکاوٹیں موجود ہیں،عمل کیسے کیا جائے گا ؟۔

پریس کانفرنس کرتے ہوئے عطا تارڑ نے کہاکیا بات ہے ابھی تک بقیہ جج صاحبان کی جانب سے تحریری فیصلہ جاری نہیں کیا گیا؟،سپریم کورٹ کے اقلیتی فیصلے میں اٹھائے گئے نکات کا جواب آنا ضروری ہے،نظرثانی اپیل کو بھی اب تک سماعت کیلئے مقرر نہیں کیا گیا،دونوں ججز نے سنجیدہ قانونی نکات اٹھائے۔

وزیر اطلاعات نے کہا کیسے ممکن ہے آپ مخصوص نشستوں پر منتخب ہونےوالوں کو سیٹوں سے فارغ کردیں ، حلف لینے سے پہلے کے مراحل کو قانونی طور پر نہیں دیکھا گیابڑے اچنبے کی بات ہے،15 دن گزرنے کے باوجود تفصیلی فیصلہ نہیں آیا،سپریم کورٹ نے درخواست گزار نہ ہونے والی جماعت کو رریلیف دیا، یکطرفہ ریلیف دینے سے غلط تاثر پیدا ہوگا،سپریم کورٹ کے ججز کہہ رہے ہیں فیصلے پر عملدرآمد کرانے کیلئے آئین کے آرٹیکلز کو معطل کرنا پڑے گا۔

عطا تارڑ نے کہا کیا فلور کراسنگ ہوگی سنی اتحاد کونسل کے اراکین اٹھ کر پی ٹی آئی کی نشستوں پر بیٹھیں گے؟ کیا یہ آرٹیکل 62 اور 63 کی خلاف ورزی نہیں ہوگی؟، کیا مستقبل میں بھی فیصلے کو جواز بنا کر فلور کراسنگ ہو سکتی ہے اور کوئی بھی رکن اسمبلی پارٹی تبدیل کر سکے گا؟ 2 ججز کے اختلافی نوٹ نے اکثریت کے فیصلے پربڑا سوالیہ نشان لگا دیا۔

وزیر اطلاعات نے کہاسنی اتحاد کونسل کے چیئرمین نے آزاد حیثیت سے الیکشن میں حصہ لیا، سنی اتحاد کونسل کے آئین میں ہے کوئی اقلیتی رکن پارٹی کا رکن نہیں بن سکتا،عدالتی فیصلے پر عمل کےلئے آئین کو معطل کرنا قانونی فریم ورک پر بڑا سوالیہ نشان ہے وگرنہ سپریم کورٹ کے فیصلے سے یکطرفہ ریلیف کا تاثر ملنے سے آئین و قانون کو دھچکا لگے گا اور قانون کی حکمرانی کےلئے بڑا نقصان ہوگا ،فلور کراسنگ قانونی ہوجائے گی ،آرٹیکل 62، 63 معطل ہوجائے گا۔