واشنگٹن (مشر ق نیوز) امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلنکن نے اپنے برطانوی اور فرانسیسی ہم منصبوں سے ٹیلی فونک رابطہ کر کے مشرق وسطیٰ میں بڑھتی ہوئی کشیدگی کو کم کرنے اور جاری تنازع کو مزید بڑھنے سے روکنے کی ضرورت کے بارے میں بات چیت کی۔
اندولو ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق محکمہ خارجہ کے ترجمان میتھیو ملر نے کہا کہ ہفتے کو انٹونی بلنکن اور برطانوی وزیر خارجہ ڈیوڈ لیمی نے ’مشرق وسطیٰ میں بڑھتی ہوئی کشیدگی کو کم کرنے اور تنازع کو پھیلنے سے روکنے کی ضرورت کا اعادہ کیا۔ انہوں نے غزہ کی جنگ بندی اور قیدیوں کے تبادلے کے معاہدے کو جلد از جلد حتمی شکل دینے کی اہمیت پر زور دیا۔
انٹونی بلنکن نے فرانسیسی وزیر خارجہ اسٹیفن سیجورن کو بھی غزہ جنگ بندی کے معاہدے کے حصول کے ساتھ ساتھ مشرق وسطی میں تنازعات کو مزید بڑھنے سے روکنے کی اہمیت اور ایران کی طرف سے لاحق چیلنجوں کے بارے میں آگاہ کیا۔
یہ روابط ایک ایسے وقت میں سامنے آئی ہیں جب ایران کی جانب سے دارالحکومت تہران میں حماس کے سیاسی سربراہ اسمعیل ہنیہ کے قتل کیلئے اسرائیل کو ’سخت سزا‘ دینے کے عزم کا اظہار کیا گیا جس کے بعد خطے میں کشیدگی عروج پر ہے۔ ایران کے پاسداران انقلاب نے ہفتے کو کہا کہ اسمعیل ہنیہ کے قتل کو اسرائیل نے امریکا کی حمایت سے ایک مختصر فاصلے تک مار کرنے والے میزائل کا استعمال کرتے ہوئے ڈیزائن کیا اور انجام دیا۔
مشرق وسطیٰ میں کشیدگی: انٹونی بلنکن کا برطانوی، فرانسیسی ہم منصبوں سے رابطہ

















