پشاور: (بیورورپورٹ)بنوں امن جرگے کے بیشتر مطالبات تسلیم،ایپکس کمیٹی خیبر پختونخوا نے دہشت گردوں کیخلاف بلاتفریق کارروائی کااعلان کردیا۔
علی امین گنڈاپور کی زیرصدارت ہونے والے ایپکس کمیٹی کے اجلاس میں کور کمانڈر پشاور، چیف سیکرٹری ،آئی جی پولیس ،بنوں جرگے کے اراکین نے شرکت کی ،اجلاس میں اہم فیصلے کیے گئے،اجلاس کے شرکا نے بنوں امن جرگے کے بیشتر مطالبات سے اتفاق کیا ۔
بعد ازاں جاری کیے گئے مشترکہ اعلامیے میں کہا گیادہشت گرد ہر صورت قابل مذمت ہیں،بلاتفریق کارروائی ہوگی، وزیراعلیٰ علی امین گنڈا پور نے پولیس کو حکم دیا کوئی بھی مسلح غیرسرکاری شخص ملوث ہو تو گرفتار کرکے کارروائی کی جائے،پولیس مسلح گروہ کے دفاتر کےخلاف بلاتفریق کارروائی کرے گی، عسکری اداروں نے واضح کردیا صوبے میں کوئی آپریشن نہیں ہورہا، دہشت گرد عناصر کےخلاف کارروائی پولیس ،سی ٹی ڈی کرے گی۔
اعلامیے کے مطابق کچھ علاقوں کی نوعیت، جغرافیہ اور بارڈرسے نزدیک ہونے کے باعث فوج سے مدد لی جائے گی،پولیس کو ہدایات جاری کر دی گئیں ہر وقت گشت کو یقینی بنایا جائے،موجودہ نفری ،گاڑیوں سے تمام صوبے بشمول جنوبی اضلاع کو ترجیحی بنیادوں پر اضافی مدد فراہم کی جائے، نئی آسامیوں کی تخلیق میں جنوبی اضلاع کو ترجیح دی جائے، مشکوک علاقوں ،مدارس پر سی ٹی ڈی کارروائی کرے گی۔
دہشتگردوں کیخلاف بلاتفریق کارروائی ہوگی:ایپکس کمیٹی خیبر پختونخوا



















