عمران کا 12مقدمات میں جسمانی ریمانڈ کالعدم ،ممکنہ حراست آرمی کو دینے کیخلاف درخواست خارج

لاہور،اسلام آباد:(کورٹ رپورٹر،بیورورپورٹ)سابق وزیراعظم وبانی پی ٹی آئی عمران خان کو بڑا ریلیف،لاہور ہائیکورٹ نے 9مئی کے 12مقدمات میں جسمانی ریمانڈ ،ویڈیو لنک پر حاضری کا نوٹیفکیشن کالعدم قرار دےدیا ۔

جسٹس طارق سلیم شیخ کی سربراہی میں 2رکنی بنچ نے کیس پر سماعت کی،سماعت کے آغاز پر جسٹس انوار الحق نے دریافت کیا درخواست گزار کتنے مقدمات میں نامزد ہیں؟ ،عمران خان کے وکیل سلمان صفدر نے کہا بانی پی ٹی آئی 3مقدمات میں نامزد ملزم ہیں، کیسز کی 2کیٹگری ہیں، ایک جس میں نامزد دوسرا جس میں ضمنی کے ذریعے نامزد کیا گیا،پراسیکیوٹر جنرل پنجاب نے بانی پی ٹی آئی پر درج تمام مقدمات کا ریکارڈ پیش کرتے ہوئے مقدمات میں ہونےوالی پیشرفت رپورٹ بھی عدالت کے سامنے پیش کردی،جسٹس انوار الحق پنوں نے ریمارکس دئیے جب درخواست گزار کو امید ہوئی جیل سے باہر آ جائے گا تب آپ نے مقدمات میں گرفتاری ڈال دی، قانون تو ہے جیسے ہی آپ کو ملزم کا پتہ چلے آپ گرفتار کریں، پہلے کیوں گرفتار نہیں کیا؟۔

پراسیکیوٹر جنرل پنجاب نے کہا ملزم تب عبوری ضمانت پر تھے، گرفتار نہیں کر سکتے تھے، جسٹس انوارالحق پنوں نے دریافت کیا آپ نے پہلے تفتیش کرنے کی کوشش کی؟ ،پراسیکیوٹر جنرل نے کہا آپ کو ریکارڈ سے بتا سکتا ہوں عمران خان نے لکھ کر دےدیا تفتیش میں شامل نہیں ہوں گے،پیمرا کی رپورٹس ہیں لیکن درخواست گزار تفتیش جوائن نہیں کر رہے،جج لاہور ہائیکورٹ نے کہا9مئی کے بعد کب آپ کو خیال آیا بانی پی ٹی آئی کے وائس میچنگ و دیگر ٹیسٹ ہونے چاہئیں،دیکھنا ہو گا اتنے دن کے ریمانڈ کی ضرورت بھی تھی یا نہیں اگر درخواست گزار کوئی ٹیسٹ نہیں کراتا تو نتائج خود بھگتے گا،پراسیکیوٹر جنرل نے کہا عمران خان نے تحریری لکھ کر دیا اپنے وکیل کی موجودگی میں بیان دیں گے پولیس پر اعتماد نہیں ۔

جسٹس طارق سلیم شیخ نے کہا سوال ہے آپ کو جسمانی ریمانڈ کیوں چاہیے، پولی گرافک ٹیسٹ کرانا ہے تو ملزم تو ویسے ہی جوڈیشل کسٹڈی میں ہے، آپ خود کہہ رہے ہیں مجسٹریٹ کے پاس تمام اختیارات ہیں ٹیسٹ کرائے، آپ سوال کا جواب نہیں دے پا رہے گرفتاری اب کیوں ڈالی گئی، آپ نے جس موقع پر گرفتاری ڈالی وہ ٹائمنگ بہت اہم ہے،جسٹس طارق سلیم شیخ نے استفسار کیا پولی گرافک ٹیسٹ کےلئے ریمانڈ کی کیا ضرورت ہے؟ 15یا 20منٹ کےلئے آپ نے کچھ ٹیسٹ کرنے ہیں ،جسمانی ریمانڈ کیوں چاہیے؟۔

پراسیکیوٹر جنرل پنجاب نے کہا عمران خان نے خود کہاجان کو خطرہ ہے وہ عدالتوں میں پیش نہیں ہو سکتے، درخواست گزار ضمانت پر تھا اس لیے پہلے گرفتاری نہیں ڈالی گئی، انسداد دہشتگردی عدالت سے ضمانتیں خارج ہوئیں گرفتار کر لیا، پیمرا کی رپورٹس موجود ہیں ،تفتیش کرنی ہے،عدالت نے ریمارکس دئیے پیمرا کی رپورٹس کیا ہے؟ اگر پیمرا لڑکی کو لڑکا کہہ دے تو مانا تو نہیں جا سکتا، سیاسی بندہ تقریر کرتا ہے تو دیکھنا ہے ذہنیت مجرمانہ ہے یا نہیں؟ آپ بتائیں درخواست گزار کی ٹوئٹ میںجرم کیا ہے؟ اور کس سیکشن کے تحت کارروائی ہو گی؟بعد ازاں عدالت نے کارروائی 10منٹ کےلئے ملتوی کر دی،سماعت کے دوبارہ آغاز پر پراسیکیوٹر جنرل پنجاب نے بانی پی ٹی آئی کے سوشل میڈیا اکاونٹس کی تفصیلات عدالت کے سامنے پیش کر تے ہوئے کہامخصوص بیانیہ بنایا گیا،جسٹس انوار الحق پنوں نے کہا جو آپ نے ٹوئٹ پڑھا اس سے زیادہ دھمکیاں تو آج کل ججز کو مل رہی ہیں،پراسیکیوٹر جنرل نے جواب دیا پی ٹی آئی کی طرف سے بیانیہ بنایا گیا۔

جسٹس انوارالحق پنوں نے دریافت کیا آپ بتائیں ووٹ کو عزت دو بیانیہ نہیں،؟،پراسیکیوٹر جنرل پنجاب نے کہاووٹ کو آرمی چیف کی وجہ سے عزت نہیں مل رہی یہ کہنا تو بیانیہ نہیں ہے ناں؟،عدالت نے ریمارکس دئیے اگر درخواست گزار نے احتجاج کی کال دی تو جرم کیسے بنے گا؟ اگر حملوں کو لیڈ کرتا تو پھر ضرور جرم ہوتا،درخواست گزار کےخلاف کیا مواد ہے؟ پراسیکیوٹر جنرل خود پڑھیں گے، ہم نہیں ،جسٹس طارق سلیم شیخ نے کہا انسداد دہشتگردی عدالت کے جج کو دیکھنا چاہیے تھا ریمانڈ بنتا بھی ہے یا نہیں، درخواست گزار کےخلاف سیکشن کیا لگتا ہے؟،پراسیکیوٹر جنرل نے کہا سیکشن 121کے تحت بغاوت کی کارروائی ہو گی،جسٹس طارق سلیم شیخ نے کہاسیکشن لاہور ہائیکورٹ نے کالعدم کر دیا ہوا ہے،پراسیکیوٹر جنرل پنجاب نے کہا سکیورٹی برانچ کے افسر نے بیان دیا عمران خان نے ہدایت جاری کی تھی اگر مجھے رینجرز یا فوج گرفتار کرتی ہے تو ملک کو بند کریں، جی ایچ کیو پر حملہ کریں۔

بعد ازاں پراسیکیوٹر جنرل پنجاب نے عمران خان کی درخواستوں کو مسترد کرنے کی استدعا کرتے ہوئے کہاتفتیش متاثر ہو گی لہٰذاعدالت درخواستیں خارج کرے، جن موبائل فونز سے ٹوئٹس کیے گئے وہ بھی برآمد کرنے ہیں،جسٹس انوارالحق پنوں نے کہا اگر برآمدگی کرنی بھی ہے تو آپ تو درخواست گزار کو جیل سے باہر نہیں لے جا سکتے، برآمدگی کیسے کریں گے؟۔

بانی پی ٹی آئی کے وکیل سلمان صفدر نے دلائل کا آغاز کرتے ہوئے کہاجس سرکاری وکیل کا بیان پڑھا گیا اس کیس میں تو عمران خان کی ضمانت ہو چکی ، 9مقدمات میں پولیس 425دن سوئی رہی،3مقدمات میں پولیس 170دن سوئی رہی۔

بعد ازاں عدالت نے فیصلہ سناتے ہوئے بانی پی ٹی آئی کی 9 مئی کے 12مقدمات میں جسمانی ریمانڈ کےخلاف درخواستیں منظور کرتے ہوئے انسداد دہشتگردی عدالت کا ریمانڈ منظوری کا فیصلہ اورویڈیو لنک پر حاضری کا نوٹی فکیشن کالعدم قرار دےدیا۔

دوسری جانب لاہور ہائیکورٹ میں بانی پی ٹی آئی عمران خان کی اپنی ممکنہ حراست آرمی کو دینے کیخلاف درخواست پر سماعت ہوئی،جسٹس طارق سلیم شیخ نے رجسٹرار آفس کا اعتراض برقرار رکھتے ہوئے درخواست خارج کردی،رجسٹرار آفس نے درخواست میں وکالت نامہ سائن نہ ہونے کا اعتراض عائد کیا، رجسٹرار آفس کے مطابق بانی پی ٹی آئی کے وکالت نامے پر دستخط نہیں،قبل ازیں دائر درخواست میں عمران خان نے وفاقی حکومت اور چاروں صوبوں کے آئی جیز کو فریق بناتے ہوئے مو¿قف اختیارکیا 9 مئی کیس میں حراست آرمی کے حوالے کی جاسکتی ہے، استدعا ہے عدالت ممکنہ حراست آرمی کو دینے کیخلاف حکم جاری کرے۔

مزید برآں اسلام آباد ہائی کورٹ نے سابق وزیر اعظم عمران خان کو جیل میں بین الاقوامی قوانین کے مطابق سہولیات فراہمی درخواست پر تمام فریقین کو نوٹسز جاری کردئیے،چیف جسٹس عامر فاروق نے کیس پر سماعت کی،سماعت کے دوران جسٹس عامر فاروق نے درخواست گزار سے مکالمہ کیا آپ کی درخواست پر رجسٹرار آفس کے اعتراضات ہیں،بعد ازاں عدالت نے درخواست گزار وکیل کی درخواست پر اعتراضات دور کردئیے، عدالت نے سپرٹنڈنٹ اڈیالہ جیل سمیت تمام فریقین کو نوٹس جاری کرکے سماعت یکم اگست تک ملتوی کردی۔

ادھر بانی پی ٹی آئی عمران خان نے چیف جسٹس قاضی فائزعیسیٰ کےخلاف پریکٹس اینڈ پروسیجر ایکٹ کمیٹی سے رجوع کرلیا، درخواست میں موقف اپنایا گیا خیال تھا وقت گزرنے کےساتھ ماضی کوبھلا دیا گیا ہوگا، محسوس ہورہا ہے ماضی کی قانونی چارہ جوئی کو بھلایا نہیں گیا،درخواست میں موقف اپنایاگیابانی پی ٹی آئی نے بطوروزیراعظم چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کیخلاف قانون کے مطابق ریفرنس دائرکیا، آئینی ذمہ داری کی ادائیگی کوچیف جسٹس کی اہلیہ سرینا عیسیٰ نے ذاتی حملہ تصورکیا،غلط تاثرکی بنیاد پرسرینا عیسیٰ نے عوامی سطح پرخلاف بیانات دئیے، سیرینا عیسیٰ بطوروزیراعظم عہدے سے ہٹانے کی استدعا بھی کرچکی ، چیف جسٹس قاضی فائزعیسیٰ نے کبھی اپنی اہلیہ کے بیانات سے لاتعلقی کااظہار نہیں کیا،درخواست میں مزید کہاگیابانی پی ٹی آئی ،اہلیہ ،تحریک انصاف اورسنی اتحاد کونسل کے مقدمات میں چیف جسٹس انصاف ،آئین کے تقاضوں کے مطابق نہیں کریںگے، سپریم کورٹ کا لارجربنچ آبزرویشن دے چکا چیف جسٹس میرے خلاف مقدمات نہ سنیں۔