حکومت عوام کو ریلیف دینے میں ناکام ہوچکی،جماعت اسلامی نارووال

نارووال: (حسن نواز) جماعت اسلامی پنجاب کے جنرل سیکرٹری نصراللہ گورائیہ نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بجلی کے بلوں اوربڑھتی ہوئی مہنگائی نے غریب عوام کا جینا محال کر دیا ہے، موجودہ حکومت عوام کوریلیف دینے میں مکمل طورپرناکام ہوچکی ہے۔ جماعت اسلامی عوام کے بنیادی حقوق کی بحالی کیلئے 26 جولائی کو اسلام آباد میں ملک گیراحتجاجی دھرنا دے گی ، عوام کے حقوق کی بحالی تک احتجاج جاری رہے گا۔اس موقع پرچوہدری صادق تتلہ ایڈووکیٹ جنرل سیکرٹری جماعت اسلامی ضلع نارووال، انوارالحق بٹ نائب صدراور میاںسہیل منصورایڈووکیٹ سٹی صدر بھی موجود تھے۔

نصراللہ گورائیہ و دیگرقائدین جماعت اسلامی نے مزید کہا کہ پاکستان کا شمار دنیا کے ان 10 ممالک میں ہوتا ہے کہ جن کے اندر کوئلے کے ذخائر سب سے زیادہ موجود ہیں۔ان ذخائر سے 100 سال تک بجلی پیدا کر سکتے ہیں۔بجلی کی اصل قیمت کے علاوہ1300 قسم کے ٹیکس لگا دیئے گئے ہیں۔ دوسری طرف بااثر لوگ بجلی چوری کومعمول بنا رکھا ہے اس کا بوجھ غریب عوام پرڈال دیا گیا ہے۔ مہنگائی کا یہ عالم ہے کہ عام خوردونوش کی اشیاءبھی عام آدمی کی قوت خرید سے دورہوتی جارہی ہیں۔ مہنگائی کی وجہ گھریلولڑائیاں بڑھ رہی ہے۔