لاہور (کرائم رپورٹر) انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور پولیس فورس کے ساتھ ساتھ انکے اہلخانہ کی بہترین ہیلتھ ویلفیئر کیلئے مسلسل مصروف عمل ہیں ، اسی سلسلے میں جاری اقدامات کے تحت آئی جی پنجاب نے لاہور سمیت مختلف اضلاع میں تعینات پولیس ملازمین کے بچوں کو سنگین بیماریوں کے علاج معالجے کیلئے 21 لاکھ 50 ہزار روپے کے مزید فنڈز جاری کر دئیے ہیں۔ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے مذکورہ بالا فنڈز میڈیکل فنانشل اسسٹنس کمیٹی کے اجلاس و سکروٹنی کے بعد جاری کئے۔ قبل ازیں ہمارے پھول پراجیکٹ کے تحت بھی پولیس ملازمین کے بچوں کو طبی اخراجات کیلئے رواں برس 22 کروڑ روپے سے زائد رقم دی جا چکی ہے۔ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کہا کہ پنجاب پولیس ایک فیملی ہے ، بچوں کی ہیلتھ اور ایجوکیشن ویلفیئر کیلئے مزید اقدامات جاری رہیں گے۔ دریں اثناء انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے پاکپتن میں ہسپتال روڈ پر دوکان کی ملکیت کے تنازعہ پر ملزمان کے نوجوان کو آگ لگا کر ہلاک کرنے کے معاملہ کا نوٹس لیتے ہوئے آر پی او ساہیوال سے رپورٹ طلب کر لی ہے۔ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے ڈی پی او پاکپتن کو ملزمان کی فوری گرفتاری کا حکم دیا۔ آئی جی پنجاب نے کہا کہ سفاک ملزمان کسی رعایت کے مستحق نہیں، سخت قانونی کاروائی عمل میں لائی جائے۔
پولیس اہلکاروں کے بچوں کی ہیلتھ، ایجوکیشن ویلفیئر کیلئے اقدامات جاری رہیں گے :آئی جی پنجاب
















