پنجاب کے 36 ماڈل بازاروں نے فری ہوم ڈلیوری سروس کا آغاز کردیا:شافع حسین

لاہور (کامرس رپورٹر) صوبائی وزیر صنعت و تجارت چوہدری شافع نے کہا ہے کہ پنجاب کے 36 ماڈل بازاروں نے فری ہوم ڈلیوری سروس کا شاندار آغاز کیا ہے جس پر پنجاب ماڈل بازار مینجمنٹ کمپنی کو مبارکباد دیتا ہوں، انہوں نے کہا کہ پنجاب میں عوامی خدمت کی نئی روایت قائم کردی ہے، پہلی بار عوام کو ان کا حق دہلیز پر دیا جارہا ہے، رمضان المبارک کے دوران رمضان ریلیف پیکیج مستحق گھرانوں کو دہلیز پر پہنچایا گیا۔اب فری ہوم ڈلیوری سروس کے ذریعے معیاری اشیاءرعایتی نرخوں پر لوگوں کی دہلیز پر دی جارہی ہیں، صوبائی وزیر نے کہا کہ ماڈل بازار لوگوں کو ریلیف اور روزگار کی فراہمی کا ذریعہ ہیں اسلئے پنجاب کے ہر شہر میں ماڈل بازار بنائیں گے، جن 17 اضلاع میں ماڈل بازار نہیں ہیں وہاں ان بازاروں کے قیام کیلئے زمین کی نشاندہی کرلی گئی ہے، ماڈل بازاروں کی سولر انرجی پرمنتقلی کے کام کا آغاز بھی کردیا ہے۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ عوام کیلئے فلاحی اقدامات کا سلسلہ جاری رہیگا، ترقی اور خدمت کی نئی مثالیں قائم کریں گے۔