190 ملین پاونڈز ریفرنس، اعظم خان ،زبیدہ جلال کے بیانات قلمبند

راولپنڈی:(بیورورپورٹ)190 ملین پاو¿نڈز ریفرنس میں اعظم خان ،زبیدہ جلال نے بیانات قلمبند کرادئیے،اڈیالہ جیل میں عمران ، بشریٰ کےخلاف 190 ملین پاونڈز ریفرنس کی سماعت ہوئی،سابق وزیر دفاع پرویز خٹک بھی پیش ہوئے،عمران ،بشریٰ کو عدالت میں پیش کیا گیا۔

سابق وزیر مملکت زبیدہ جلال نے بیان قلمبند کراتے ہوئے کہا مئی 2023 میں نیب تفتیشی افسرکے سامنے پیش ہوئی، 2019 میں کابینہ میٹنگ کے دوران شہزاد اکبر کی جانب سے ایڈیشنل ایجنڈے کے طور پر بند لفافہ پیش کیا گیا، ایڈیشنل ایجنڈا کابینہ میں پیش کرنے سے قبل ضروری طریقہ کار نہیں اپنایا گیا،شہزاد اکبر نے کہا 190 ملین پاو¿نڈز کا معاملہ کابینہ کے سامنے رکھنا ہے، شہزاد اکبر نے بتایا رقم غیر قانونی طور پر برطانیہ منتقل کی گئی ،نیشنل کرائم ایجنسی نے کہارقم حکومت پاکستان کو واپس کرنی ہے۔

زبیدہ جلال نے کہاشہزاد اکبر نے بتایا 190ملین پاونڈز کا معاملہ بہت زیادہ کانفیڈینشل ہے،فوری طور پر منظور کیا جائے، ایڈیشنل ایجنڈے کو بغیر بریفنگ پیش کرنے پر مجھ سمیت دیگر ممبران نے اعتراض کیا،شہزاد اکبر نے زور دیا پیسہ پاکستان واپس آئے گا، ایجنڈے کو فوری منظور کریں،وزیراعظم عمران خان نے بھی کہاایڈیشنل ایجنڈے کو منظور کرلیں، صرف اس منطق پر مجھ سمیت کابینہ ممبران نے ایڈیشنل ایجنڈے کی منظوری دی۔

سابق پرنسپل سیکرٹری اعظم خان نے اپنے بیان میں کہا بطور سیکرٹری وزیراعظم اگست 2018 سے اپریل 2022 تک خدمات سر انجام دیں، شہزاد اکبر دستخط شدہ نوٹ لے کر میرے پاس آئے،نوٹ پر شہزاد اکبر کے اپنے دستخط موجود تھے، نوٹ پر کابینہ سے منظوری لینے کا لکھا گیا،شہزاد اکبر نے بتایا کانفیڈینشل ڈیڈ کو کابینہ میں منظوری کےلئے پیش کرنے کی وزیراعظم کی جانب سے ہدایت کی گئی،شہزاد اکبر کی بات پر فائل کیبنٹ سیکرٹری کو بھجوا دی تاکہ معاملہ کیبنٹ کے سامنے پیش کیا جا سکے،فائل کیبنٹ سیکرٹری کے حوالے کر دی،کیبنٹ میٹنگ میں ان کیمرہ اجلاس ہونے کی وجہ سے شرکت نہیں کی۔

دریں اثنا دوران سماعت بانی پی ٹی آئی کے وکلا نے نیب کی جانب سے دائر نئے ریفرنس میں ضمانت کی درخواست دائر کر دی،عدالت نے نیب کو 15 جولائی کےلئے نوٹس جاری کر دیا، درخواست ضمانت پر سماعت احتساب عدالت اسلام آباد میں کی جائے گی، ریفرنس پر مزید سماعت 20 جولائی تک ملتوی کر دی گئی۔