لاہور (خبرنگار+ کرائم رپورٹر) محکمہ انسداد رشوت ستانی نے کارروائی کرتے ہوئے داتا گنج بخش زون کے بلڈنگ انسپکٹر نعمان اشرف ورک کو رشوت وصول کرتے رنگے ہاتھوں گرفتا کرلیا۔ ملزم نے 60 ہزار روپے رشوت وصول کرنے کیلئے پارٹی کو اپنے دفتر داتا زون میں بلوایا جس پر اینٹی کرپشن نے رشوت وصول کرتے نعمان اشرف کو رنگے ہاتھوں پکڑ کر مقدمہ درج کرلیا ہے۔ ذرائع نے انکشاف کیا ہے کہ ایک ماہ قبل بلڈنگ انسپکٹر نعمان اشرف ورک نے شام نگر روڈ پر غیر قانونی تعمیر ہونے والے چار گھروں کو رشوت نہ دینے کی پاداش میں مسمار کردیا تھا، معلوم ہوا ہے کہ وہ گھر حاضر سروس سی آئی اے میں تعینات افسر کے تھے جس نے کارروائی نہ کرنے کیلئے اپنا حوالے دینے کے ساتھ ساتھ مبینہ طور پر نعمان ورک کے بہت ترلے بھی کئے مگر نعمان ورک نے گھروں کو مسمار کردیا۔ ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ کارروائی کے فوری بعد سی آئی اے افسر اپنی گارڈ سمیت ٹاﺅن ہال پہنچا مگر نعمان ورک وہاں سے فرار ہوچکا تھا۔ ذرائع سے یہ بھی معلوم ہوا ہے کہ گرفتار بلڈنگ انسپکٹر لوگوں کو کہتا پھر رہا تھا کہ میں بھی پولیس انسپکٹر کا بھائی ہوں سی آئی اے افسر میرا کیا بگاڑ سکتا ہے۔ اینٹی کرپشن نے اس حوالے سے جو ہینڈ آﺅٹ جاری کیا ہے اس میں واضح طور پر لکھا ہے کہ نعمان اشرف ورک بلڈنگ انسپکٹر کیخلاف کارروائی نہ کرنے کیلئے ایس ایچ او کوٹ لکھپت عدنان اشرف کی طرف سے خاصا دباﺅ ڈالا جارہا تھا تاہم بھائی کو بچانے کیلئے اینٹی کرپشن افسر کو 15 لاکھ روپے رشوت دینے کی بھی پیشکش کی گئی تھی۔ محکمہ انسداد رشوت ستانی نے کارسرکار میں مداخلت کے الزام میں ایس ایچ او عدنان اشرف کے خلاف کارروائی کیلئے ڈی آئی جی آپریشنز لاہور فیصل کامران کو درخواست کر دی ہے۔
محکمہ انسداد رشوت ستانی کا ایکشن، بلڈنگ انسپکٹر داتا گنج بخش زون رشوت لینے رنگے ہاتھوں گرفتار



















