مسلم لیگ (ن) سے حکومت نہیں چل رہی، بنانا اور گرانا جانتے ہیں: صدر آصف زرداری

اسلام آباد (مشرق نیوز) صدر پاکستان آصف علی زرداری نے اپنی اتحادی، حکمران جماعت مسلم لیگ (ن) پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس سے حکومت نہیں چل رہی، ہم حکومت بنانا اور گرانا جانتے ہیں، عوام کو تنہا نہیں چھوڑیں گے۔

صدر مملکت آصف زرداری کی زیر صدارت پارٹی رہنماوں کا اجلاس ہوا، اجلاس میں پارٹی رہنماوں نے آصف زرداری سے کارکنوں کے کام نہ ہونے کی شکایت کرتے ہوئے بتایا کہ حکومت پنجاب اور وفاقی حکومت تعاون نہیں کررہی، ہمارا پورا حق نہیں دیاجارہا، انتخابی حلقوں کے مسائل حل نہیں ہورہے، ہم بھی ووٹ حاصل کرتے ہیں، ووٹرزکو مطمئن کرنا پڑتا ہے۔

آصف علی زرداری نے رہنماوں کے مسائل کے حل کی یقین دہانی کروائی اور پیپلزپارٹی پنجاب کی قیادت کو مل بیٹھ کرمسائل حل کرنےکی ہدایت کی۔ صدر مملکت نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) سے حکومت نہیں چل رہی، ہم حکومت بنانا اور گرانا جانتے ہیں، عالمی مالیاتی فنڈز سے قرض لیکر عوام کا امتحان لیا جارہا ہے، ہم اپنی عوام کو تنہا نہیں چھوڑیں گے۔

انہوں نے کہا کہ اب خود میدان میں آگیا ہوں، اسلام آباد ہو یا لاہور سب سے کام کرواو¿ں گا، کوئی سیاسی جماعت پیپلزپارٹی کے مقابلے کی نہیں ہے، میری جماعت پر تنقید ہوتی ہے یہ میں ثواب سمجھتا ہوں۔آصف زرداری نے کہا کہ پیپلز پارٹی کارکن تیار ہو جائیں، ابھی بہت کام کرنا ہے، پیپلزپارٹی کی تنظیم میں نوجوانوں کو آگے لایا جائے۔

انہوں نے پیپلزپارٹی کی تنظیم سازی کی رپورٹ طلب کرتے ہوئے کہا کہ ڈرائنگ روم کی سیاست نہیں کرنی، اب باہر نکلنے کا وقت ہے۔