لاہور (ایجوکیشن رپورٹر) وزیر تعلیم پنجاب رانا سکندر حیات نے کہا ہے کہ ہم نے ابتدائی چند ماہ میں سرکاری سکولوں کا تعلیمی معیار اس حد تک بہتر کر دیا ہے کہ میٹرک امتحانات میں پبلک سیکٹر کے سکولوں نے پرائیویٹ سکول مافیا کو مات دی ہے اور ان سے پوزیشنز چھینی ہیں، پبلک سکول سسٹم اتنا بہتر کریں گے کہ نجی سیکٹر اپنی فیسیں کم کرنے پر مجبور ہوگا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے صوبائی وزیر اطلاعات کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ میٹرک امتحانات میں ہم نے بوٹی مافیا کے خریدے گئے 270 سنٹرز پکڑے اور انٹر امتحانات میں اس حوالے سے زیرو ٹالرنس پالیسی اپنائی جس کے نتائج آج سامنے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ 5 سال بعد 9 میں سے 5 بورڈز میں سرکاری سکولز ٹاپ پوزیشن پر رہے ہیں جس پر میں پنجاب کی عوام کو مبارکباد دیتا ہوں۔ رانا سکندر حیات نے مزید کہا کہ وزیر اعلی مریم نواز نے پوزیشن ہولڈرز بچوں کیلئے 25 کروڑ روپے کے ایوارڈز رکھے ہیں۔ دانش سکول پنجاب حکومت کا فلیگ شپ پراجیکٹ ہے۔ اس پر تنقید کرنے والوں کیلئے میٹرک کا نتیجہ ہی کافی ہے۔ وزیر تعلیم نے کہا کہ سرکاری سکول معیاری سکول کا وعدہ پورا کریں گے۔ سمارٹ پالیسی کے تحت اساتذہ کی شارٹیج اگلے تین ماہ میں زیرو پر لائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ تعلیم کے حوالے سے کمپری ہینسوو پروگرام لا رہے ہیں۔ سرکاری سکولوں پر عوام کا اعتماد بڑھائیں گے اور تعلیم کی کوالٹی اتنی بہتر کریں گے کہ نجی سیکٹر کے بچے بھی پبلک سیکٹر سکولوں میں آنے پر مجبور ہوں گے۔ وزیر تعلیم نے مزید کہا کہ جب ہم حکومت میں آئے تو ایک لاکھ 18 ہزار اساتذہ کی شارٹیج تھی۔ ہم سمارٹ پالیسی کے تحت اس مسئلے کو حل کرتے ہوئے سرپلس اساتذہ کو یوٹیلائز کرتے ہوئے شارٹیج کو 38000 پر لائے ہیں۔ اسکے علاہ 2000 ایسی پوسٹیں تھیں جو سکول انفارمیشن ایپ میں چھپائی گئی تھیں، ہم نے انہیں عیاں کیا۔ وزیر تعلیم نے مزید کہا کہ ای ٹرانسفر پالیسی میں رشوت یا سفارش نہیں چل سکے گی۔ ساتھ پنجاب میں ڈیڑھ لاکھ بچوں کیلئے کیلئے تین تین ماہ کے فنی کورسز پر مشتمل فانڈیشن لرننگ پروگرام متعارف کروایا گیا ہے جہاں طلبہ سکلز سیکھیں گے اور خودمختار ہونے کے علاہ تعلیم کے ساتھ ساتھ اپنا گھر بھی چلا سکیں گے۔ میڈیا نمائندگان کے مختلف سوالوں کے جواب دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہم عارضی وائس چانسلرز کی بجائے ان کی مستقبل تعیناتیاں کر رہے ہیں۔ اس حوالے سے قابل لوگوں پر مشتمل کمیٹی بنائی گئی ہے جو کسی سفارش کو تسلیم نہیں کریگی اور میرٹ کو ملحوظ خاطر رکھے گی۔ سنڈیکیٹ میں جو من مانیاں ہوتی تھیں ان کا بھی آڈٹ کر رہے ہیں۔ رانا سکندر حیات نے یہ بھی کہا کہ نجی سکولز کیلئے جو پالیسیاں بنی ہیں انہیں ان پر عملدرآمد کرنا ہوگا۔
دانش سکول فلیگ شپ پراجیکٹ، تنقید کرنے والوں کیلئے میٹرک کا نتیجہ کافی ہے:وزیر تعلیم پنجاب



















