عمران کی ہفتے میں ایک بار واٹس ایپ پر بیٹوں سے بات کرانے کی درخواست مسترد، عدت نکاح کیس : بشریٰ کے وکیل کی التواءکیخلاف درخواست دائر

راولپنڈی (بیورو رپورٹ) راولپنڈی کی انسداد دہشت گردی عدالت نے پی ٹی آئی کے بانی عمران خان کی ہفتے میں ایک مرتبہ واٹس ایپ پربیٹوں سے بات کرانے کی درخواست مسترد کردی،انسداد دہشت گردی عدالت راولپنڈی کے جج ملک اعجازآصف نے بانی پی ٹی آئی عمران خان کی بیٹوں سے ٹیلی فون پر بات کروانے کی درخواست پر سماعت کی،جیل انتظامیہ کی جانب سے عدالت میں جواب جمع کرا دیا گیا، جیل انتظامیہ نے جواب میں بتایا جیل مینوئل کے مطابق کسی ملزم کی واٹس ایپ پر رشتہ داروں سے ملاقات کا قانون موجود نہیں،عدالتی حکم کے مطابق سابق وزیراعظم عمران خان کی مہینے میں 2 مرتبہ بیٹوں سے بات کرائی جاتی ہے بعدازاں جیل انتظامیہ کی جانب سے عدالت میں جواب جمع کرانے پر راولپنڈی کی انسداد دہشت گردی عدالت نے ہفتے میں ایک مرتبہ واٹس ایپ پر بیٹوں سے بات کرانے کی درخواست مسترد کر دی دوسری جانب اسلام آباد کی ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن عدالت میں سابق وزیر اعظم عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ کی عدت نکاح کیس میں سزا کےخلاف مرکزی اپیلوں پر سماعت کے دوران بشریٰ کے وکیل نے التواءکیخلاف درخواست دائرکردی،اپیلوں پر سماعت ایڈیشنل سیشن جج افضل مجوکا نے کی، بشریٰ کے وکیل سلمان صفدر، عثمان گل اور خالد یوسف چودھری عدالت میں پیش ہوئے،مختصر وقفے کے بعد بشریٰ بی بی کے وکیل سلمان صفدر نے التواءکے خلاف درخواست دائر کر دی، جج افضل مجوکا نے کہا اگر ہائی کورٹ سے ڈائریکشن نہیں آتی تو پرسوں ہر صورت سنوں گا، پی ٹی آئی وکیل نے کہا آپ اپنے شیڈول کے مطابق سماعت کل رکھیں،جج افضل مجوکا نے کہا کل بابر اعوان صاحب کا ایک قتل کیس کا ٹرائل لگا ہے، سلمان صفدر نے کہا شکایت کنندہ کی جانب سے اسلام آباد ہائی کورٹ سے بھی التواءکےلئے رجوع کیا گیا، آج یہ کہہ رہے ہیں دس دنوں کےلئے عدالتیں بند کر دیں،جج افضل مجوکا نے ریمارکس دیئے کل کے بجائے پرسوں رکھ لیتے ہیں سماعت ، مجھے اگر اسلام آباد ہائی کورٹ کہے ابھی تین بجے فیصلہ کرنا ہے میں فیصلہ سناوں گا ، میں اسلام آباد ہائی کورٹ کے شیڈول کا پابند ہوں اس میں تبدیلی ہوئی ٹھیک، ورنہ میں فیصلہ کروں گا، عدالت نے کیس کی سماعت آج دن 11 بجے تک ملتوی کر دی۔