فیصل آباد:(بیورو رپورٹ) فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری کے صدر ڈاکٹر خرم طارق نے کہا ہے کہ ایس آر او 350اور دیگر تحفظات اور ممکنہ خدشات کی بجٹ سے قبل نشاندہی کی جانی چاہیے تھی تاکہ ان کو اناملی کمیٹی کے ذریعہ حل کرانے کی کوشش کی جاتی۔ وہ ایف بی آر سے لائزن بارے چیمبر کی قائمہ کمیٹی کے اجلاس سے خطاب کررہے تھے جس میں خاص طور پر سیلز ٹیکس کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔ انہوں نے کہا کہ چند روز تک لاہور میں فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈانڈسٹری کا اجلاس ہو رہا ہے وہ اس میں اس مسئلہ کو پیش کریں گے۔
قائمہ کمیٹی کے کنونیئر چوہدری طلعت محمود نے کہا کہ ایس آر او 350بجٹ سے قبل مارچ کے مہینے میں جاری ہوا تھا مگر اس کے عملی اطلاق سے درپیش مسائل اب سامنے آرہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ان کی وجہ سے پوری تاجر برادری پریشان ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس ایس آر او کا اصل مقصد جعلی انوائسز کی روک تھام کرنا ہے مگر اس کا براہ راست اثر مینو فیکچررز پر آرہا ہے کیونکہ اس کی وجہ سے ان کیلئے بروقت ریٹرن داخل کرنا ممکن نہیں۔ انہوں نے کہا کہ جن سے مینو فیکچررز نے خریداری کی ہے جب تک وہ ریٹرن نہیں داخل کریں گے مینو فیکچررز کیلئے بھی ریٹرن داخل کرنا ممکن نہیں ہوگا۔ انہوں نے آرٹیکل 17کے حوالے سے کہا کہ یہ کاروبار کرنے کی آزادی دیتا ہے۔ مگر ایس آر او 350سے ان کی یہ آزادی متاثر ہو رہی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ سوائے مینو فیکچررز کے تمام ٹریڈرز پر قدغن لگا دی گئی ہے کہ وہ اپنے اصل زر کے صرف پانچ گنا تک کو ہی ظاہر کر سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سیلز ٹیکس کیلئے بائیو میٹرک کو بھی لازمی قرار دیا گیا ہے۔ یہ اچھا اور مثبت قدم ہے جس سے جعلی انوائسز کی روک تھام کرنے میں مدد ملے گی۔
ایس آر او 350سے تاجر برادری پریشان ہے، ڈاکٹر خرم طارق



















