اے پی سی میں بلوچستان کامسئلہ اٹھائینگے،بلاول

کوئٹہ:(بیورورپورٹ)چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہاہے مخالف جماعتیں الیکشن جیتیں یا ہاریں رونا ہی ہے،اے پی سی میں بلوچستان کامسئلہ اٹھائینگے۔

کوئٹہ میں وزیر اعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی کےساتھ پریس کانفرنس کرتے ہوئے بلاول بھٹوزرداری نے کہابلوچستان کا دورہ بہت مفید رہا ، محدود وسائل کے باوجود صوبے کے عوام کو ریلیف دینے کی کوشش کررہے ہیں،10اضلاع میں ریسکیو 1122 سروس شروع کرنے جارہے ہیں،نصیر آباد میں کمبٹ طرز کا ہسپتال بنائیں گے، صحت کے بجٹ میں اضافہ کردیا،ملک میں معاشی بحران، بیروزگاری اور غربت بڑے مسائل ہیں ، بیروزگاری غربت ختم کرنا ہمیشہ سے پیپلزپارٹی کے منشور کا حصہ رہا ۔

چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہابلوچستان کی خواتین کو بھی بااختیار بنانا چاہتے ہیں ، کوئٹہ میں خواتین کیلئے پنک بس سروس لارہے ہیں ،بلا سود قرضے دیں گے، کوشش ہے بلوچستان میں این آئی سی وی ڈی جیسا ادارہ ہو،طلبہ کے وظائف میں اضافہ کریں گے،پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے ذریعے سولر پارک بنائیں گے، الیکشن کے دنوں میں وعدہ کیا تھاغربیوں کو مکمل سپورٹ کریں گے، کرپشن کا خاتمہ کرنا ہے تو ملازمین کو بروقت تنخواہوں کی ادائیگی یقینی بنانا ہوگی۔

بلاول بھٹو نے کہا پیپلزپارٹی کا وفد اے پی سی میں شرکت کرے گا،ملک سے دہشت گردی کا مکمل خاتمہ چاہتے ہیں ،اے پی سی میں تمام سیاسی جماعتوں کواپنی رائے دینے کا موقع ملے گا،سیلاب متاثرین کوگھربنا کردینا بڑی کامیابی ہوگی،اعتراض ٹیکس نیٹ بڑھانے پر نہیں، جارحانہ لگائے جانے والے ٹیکس پر ہے ، بجٹ میں اتحادیوں سمیت ساری جماعتوں سے مشاورت ہونی چاہیے تھی ، عجیب روایت بن گئی بل ایوان میں پہلے پیش ہوتا ، مشاورت بعد میں کی جاتی ہے، چاہتے ہیں ملک میں ریونیو اکٹھا ہو لیکن طریقہ کار مختلف ہونا چاہیے۔

چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا،مخالف جماعتیں الیکشن جیتیں یا ہاریں رونا ہی ہے ، اسمبلی میں اصلاحات کی بات کرتے ہیں تو دوسری جماعتیں مکر جاتی ہیں، دھاندلی کی بات کریں تو کہتے ہیں دھاندلی نہیں ہوئی،نام لیے بغیر ن لیگ پر تنقید کرتے ہوئے بلاول بھٹو نے کہا2018میں لوڈشیڈنگ ختم کردی تھی تواب ہم کونسے پاکستان میں رہ رہے ہیں؟، کہتے ہیں بجلی چوری کی وجہ سے لوشیڈنگ ہورہی ہے اسی لیے گرین انرجی کی بات کررہے ہیں، کیا بجلی کسی بابوکا ارادہ تھا حکومت کہہ رہی ہے سولرپرٹیکس لگادیں۔