آئی ایم ایف سے معاہدہ جولائی میں ہونے کی امید،امریکی قراردادکاقرض پروگرام سے کوئی تعلق نہیں،وزیر خزانہ

اسلام آباد:(بیورورپورٹ)وزیر خزانہ سینیٹر اورنگزیب نے کہاہے آئی ایم ایف سے طویل المدتی معاہدہ جولائی میں ہونے کی امید ہے،امریکی قراردادکاقرض پروگرام سے کوئی تعلق نہیں،مہنگائی میں کمی،معیشت بہتر،نئے ٹیکسز سے تنخواہ دار طبقے پر بوجھ بڑھا، لوگ دباو محسوس کر رہے ہیں، گنجائش نکلتے ہی ریلیف دیں گے،صوبے اپنے اخراجات خود اٹھائیں،نان فائلر کی اختراع ختم کرینگے،ان خیالات کااظہار انہوں نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔

اورنگزیب نے کہاحکومتی اقدامات سے مہنگائی کی شرح 38 سے کم ہو کر 12 فیصد پر آگئی ، زرمبادلہ ذخائر 9 ارب ڈالر ہیںمعاشی استحکام آ رہا ہے، ورلڈ بینک نے داسو ڈیم کےلئے ایک ارب ڈالر ،انٹرنیشنل فنانس کارپوریشن (آئی ایف سی) نے پی ٹی سی ایل کیلئے 400 ملین ڈالر کی منظوری دیدی،رقم اگلے مالی سال آجائےگی، ایف بی آر نے 9.3 ٹریلین روپے کی ٹیکس وصولیاں کرلیں، گروتھ 30فیصد ہے،مئی کے آخر تک سارا بیک لاگ ختم کیا جا چکا، ایف بی آر نے کرکے دکھایا 30 فیصد کی نمو ہو سکتی ہے، ٹارگٹ پورا ہو جائے گا،سب مائیکر و استحکام کے فوائد ہیں، استحکام کو کیسے آگے لےکر جانا یہی چیلنج ہے، مائیکرو استحکام لڑکھڑا گیا تومعیشت کو بڑا نقصان ہو گا،ایف بی آر کی مکمل ڈیجیٹائزیشن کی جارہی ہے جتنی ڈیجیٹائزیشن ہوگی اتنی بہتری آئے گی۔

وزیر خزانہ نے کہاآئی ایم ایف پروگرام میں مثبت پیشرفت ہو رہی ہے، مائیکرو اکنامک استحکام کیلئے آئی ایم ایف پروگرام ضروری ہے، طویل المدتی پروگرام کرنے جا رہے ہیں، جولائی میں معاہدہ ہونے کی امید ہے، خواہش ہے آئی ایم ایف کا آخری پروگرام ہو،بجٹ پر بھی عالمی مالیاتی فنڈ سے مشاورت ہوتی رہی ہے،توانائی و پٹرولیم شعبے میں اصلاحات کریں گے، 70 روپے پٹرولیم لیوی کا فوری اطلاق نہیں ہوگا،3سال میں ٹیکس ٹو جی ڈی پی 13 فیصد پر لے جانا چاہتے ہیں، ٹیکس ٹو جی ڈی پی ساڑھے 9 فیصد کے ساتھ نہیں چل سکتے، اگلے سال ٹیکس ٹو جی ڈی پی ساڑھے 10 فیصد پر لےجانے کا پلان ہے۔

اورنگزیب نے کہاچوری میں ایف بی آرحکام ،ٹیکس پیئرز دونوں ملوث ہیں، تالی دونوں ہاتھوں سے بنتی ہے اگر حکومت کی طرف سے کوئی کرپشن کرتا ہے تو دوسری طرف سے بھی تو کوئی کرتا ہے، رجحان کو روکنا ہے ،ٹیکنالوجی کو فروغ دیا جائے گا، سیلز ٹیکس میں 750 ارب کی کرپشن سامنے آئی ، ایف بی آر میں جتنا انسانی عمل دخل کم ہو گا کرپشن بھی کم ہو گی،ملک میں اگر لیکیج نہ ہورہی ہو تو کرنے کو بہت کچھ مل جائیگا، ایف بی آر کے لیکیجز، کرپشن، چوری کو بند کرنا ہوگا۔

وزیر خزانہ نے کہاٹیکس دہندگان کے 30 جون2024 تک کے تمام ریفنڈز اگلے 2 سے 3دن میں جاری کردئیے جائیں گے ،رقم 50ارب سے زائد بنتی ہے، ٹیکس دہندگان کے ڈی ایل ٹی ایل کے ریفنڈز بھی جلد ادا کرینگے،مفتاح اسماعیل کے دور میں ریٹیلرز پر ٹیکس عائد کردینا چاہیے تھا، ٹیکس لگا ہوتا تو مد میں اچھی خاصی رقم جمع ہوجاتی،ملک میں 42 ہزار ریٹیلرز نے رجسٹریشن کرالی، ریٹیلرز پر ٹیکس اورنئی پنشن سکیم کااطلاق آج ہو گا، آرمڈ فورسز کو ایک سال کےلئے اس لیے استثنیٰ دیاکیونکہ انہوں نے اپنے ادارے کے ڈھانچے کو دیکھنا ہے،نان فائلرکی اختراع کو ختم کریں گے۔

سینیٹر اورنگزیب نے کہاپنشن بجٹ کا حصہ نہیں تھا مگر ای سی سی اجلاس میں فیصلہ کیا ،نئے ٹیکسز کی وجہ سے لوگ دباو محسوس کر رہے ہیں، کوئی شک نہیں تنخواہ دار طبقے پر بوجھ بڑھا جیسے ہی کوئی مالی گنجائش ہوئی تنخواہ دار طبقے کو ریلیف دیں گے،2018 میں بطور صدر ایچ بی ایل پاکستان آگیا تھا، ایسا نہیں کہیں سے اٹھ کرآیا ہوں کل کہیں چلا جاوں گا، دوسرے ملک کی شہریت چھوڑچکا ادھر ہی رہنا ہے ۔

وزیر خزانہ نے کہاامریکی کانگریس کی قرار داد کا آئی ایم ایف پروگرام کےساتھ کوئی تعلق نہیں ،حکام اور دورہ امریکہ کے دوران ملاقاتوں میں ہونیوالی گفتگو تسلی بخش ہے، 6سے8ارب حجم کا آخری آئی ایم ایف پروگرام 3سال کا ہوگا ،صوبوں کو کہہ رہے ہیں اپنے اخراجات خود اٹھائیں، صوبائی منصوبے اپنے سالانہ پلان میں لیکر آئیں،تالی دونوں ہاتھوں سے بجتی ہے، پبلک سیکٹر ڈویلپمنٹ پروگرام (پی ایس ڈی پی) میں کٹوتی کردی ،پی ایس ڈی پی کی بجائے پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ پرجائیں گے، بجٹ آئی ایم ایف کی مشاورت سے بنا، ایسے نہیں ہوسکتا آپ کوئی محکمہ بند کر دیں جو پراجیکٹس چل رہے ہیں وہ کہاں جائیں گے؟،سی پیک ٹو کے تحت پاکستان میں برآمدات بڑھیں گی۔