لاہور (سٹاف رپورٹر) گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے کہا کہ ایچی سن کالج لاہور اور صادق پبلک سکول جیسے ادارے ملک کا اثاثہ ہیں ،انہیں مزید بہتری کی طرف لیکر جانا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے یہاں گورنر ہاﺅس لاہور میں ایچی سن کالج لاہور اور صادق پبلک سکول بہاولپور کے بورڈ آف گورنرز کے الگ الگ اجلاسوں کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اجلاسوں میں متفقہ طورپر دونوں اداروں کے سالانہ بجٹ 25-2024 کی منظوری دی گئی۔صادق پبلک سکول بہاولپور کے بورڈآ ف گورنرز کے اجلاس میں اولڈ بوائز ایسوسی ایشن کے الیکشن قوانین بنانے کیلئے کمیٹی بھی بنائی گئی۔گورنر پنجاب نے مزید کہا کہ ملک کا روشن مستقبل تعلیم کی بہتری اور ترویج سے وابستہ ہے۔انہوں نے کہا کہ جامعات میں گڈ گورننس کے معاملات پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔اجلاسوں میں سیکرٹری ایچی سن کالج خالد محمد نون ،پرنسپل صادق پبلک سکول بہاولپور ڈیوڈ ڈولڈل ،سید بابر علی ، عارف سعید، عظمت علی رانجھا، مصطفی رمدے ، سردار محمد علی ایاز صادق،راحیل احمد صدیقی، کیپٹن (ر)فضیل اصغر،نوشین حنیف اور ذکا اشرف سمیت بورڈ آف گورنر کے دیگر ممبران نے شرکت کی۔
ایچی سن کالج اور صادق پبلک سکول جیسے ادارے ملک کا اثاثہ ہیں: گورنر پنجاب


















