اسلام آباد(بیورورپورٹ) وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے آپریشن عزم استحکام کے تحت سرحد پار موجود دہشت گردوں کی پناہ گاہوں کو بھی نشانہ بنایا جاسکتا ہے۔
امریکی خبررساں ادارے کو دئیے گئے انٹرویو میں خواجہ آصف نے کہا آپریشن عزم استحکام کا فیصلہ جلد بازی میں نہیں ہوا ،سیاسی جماعتیں اپنے مفادات کے آگے حکومتی فیصلوں کو سپیس نہیں دینا چاہتیں، تحفظات کودور کیا جائے گا اور حکومت معاملے کو اسمبلی میں بھی لے کر آئے گی تاکہ اراکین کے سوالات اور تحفظات کا جواب دے کراعتماد میں لیا جاسکے۔
وزیر دفاع نے کالعدم ٹی ٹی پی سے کسی بھی قسم کے مذاکرات کی نفی کرتے ہوئے کہا ایسا کوئی گراونڈ موجود ہی نہیں جس کی بنیاد پر بات چیت کی جائے، پی ٹی آئی حکومت نے مذاکرات کے بعد جن 4 سے 5ہزار طالبان کو واپس لاکر بسایا کیا کوئی توقعات پوری ہوئیں؟ اگر تجربہ کامیاب رہا تو بتایا جائے تاکہ ہم تقلید کریں۔
دریں اثنااپنے بیان میں خواجہ آصف نے کہاا ساری دہشت گردی افغان سرزمین سے ہو رہی ہے،وزیراعظم کادورہ بیجنگ کامیاب رہا، سی پیک کی بحالی ثبوت ہے،جتنی چین نے تعاون کی یقین دہانی کرائی کسی کو کوئی ابہام نہیں ہونا چاہیے،فضل الرحمن محترم ہیں، بیان درست نہیں،مولانا کی کسی سفارت کار سے بات یا ملاقات نہیں ہوئی، میرے خیال میں سربراہ جے یوآئی کو کوئی غلط فہمی ہوئی،مولانا کے پاس پوری معلومات نہیں اگر جاننا چاہتے ہیں تو بتانے کو تیار ہیں، سٹریٹجک نوعیت کے معاملات کسی کےساتھ شیئر نہیں ہوسکتے، دورہ چین سے پاک چین دوستی اور تعلقات مزید مضبوط ہوئے۔
وزیر دفاع نے کہاپاکستان اور افغانستان ہمسایہ ممالک ہیں ان کے تاریخی مذہبی تعلقات ہیں، افغانستان سے امریکی فوج کے انخلا کے بعد دہشتگردی کو فروغ ملا،ساری دہشت گردی افغان سرزمین سے ہو رہی ہے، پوری دنیا میں فارمل بارڈرز ہیں اور پاسپورٹ دکھا کے کراس کیا جاتا ہے، افغانستان سے تیل کھاد سمیت دیگر اشیا ءکی سمگلنگ سے پاکستانی معیشت کو نقصان پہنچ رہا ہے، اب پاکستان بارڈرز کو انٹرنیشنل بارڈر بنائے گا۔
آپریشن عزم استحکام ،سرحد پار دہشتگرد پناہ گاہوں کو نشانہ بنایا جاسکتا ہے،خواجہ آصف



















