حافظ آباد: (بیورورپورٹ)حافظ آباد میں ضلعی انتظامیہ اور محکمہ سپورٹس کے زیر اہتمام پہلا بین المسالک امن کھیل میلہ شروع ہو گیا،ڈپٹی کمشنر سندس ارشاد نے سپورٹس جمنازیم میں امن کھیل میلے کا افتتاح کیا۔ اسسٹنٹ کمشنر و آرگنائزر کھیل میلہ منور حسین، ڈسٹرکٹ سپورٹس آفیسرنبیلہ چیمہ، تحصیل پاپولیشن ویلفیئر آفیسر میڈم ساجدہ مشتاق،ڈسٹرکٹ ایجو کیشن آفیسر ایلیمنٹری ثمینہ یاسمین سمیت دینی مدارس کے طالب علم کھلاڑیوں،آفیشلز اور مختلف سپورٹس کلبوں کے ممبران نے شرکت کی۔
افتتاحی تقریب سے خطاب کر تے ہوئے ڈپٹی کمشنر نے کہا حکومتی ہدایات پر پہلی بار حافظ آباد میں دینی مدارس کے طلباءکو کھیلوں کے مواقع فراہم کرنے کےلئے بین المسالک امن کھیل میلے کا انعقاد کیا گیا جس میں طالب علم کھلاڑیوں کی شرکت بڑی خوش آئند ہے اس بین المسالک امن کھیل میلے کے انعقاد سے ضلع بھر میں جہاں امن و امان کی فضا ءکو فروغ ملے گا تو وہی ان کھلاڑیوں کو کھیلوں کے بہتر مقابلوں میں اپنے جوہر دکھانے کا بھی موقع ملے گا، بین المسالک امن کھیل میلے میں مقامی علمائے کرام، امن کمیٹی کے اراکین اور سول سوسائٹی کے دیگر سرکردہ افراد کو بھی دعوت دی گئی ہے تا کہ ضلع بھر میں مذہبی ہم آہنگی، رواداری، صبر و تحمل اور پیار محبت میں اضافہ ہو۔
حافظ آباد ،پہلا بین المسالک امن کھیل میلہ شروع ،ڈپٹی کمشنر سندس ارشاد نے افتتاح کیا


















