لاہور (ایجوکیشن رپورٹر) میٹرک امتحانات میں نقل کروانے اور بدعنوانی بارے انکوائری کمیٹی نے اپنی سفارشات اور رپورٹ وزارتی کمیٹی کے سامنے پیش کر دی۔ رپورٹ کی سفارشات کی روشنی میں ملوث عناصر کیخلاف سخت ایکشن لیا جا رہا ہے۔ بدعنوانی میں ملوث 64 افراد کیخلاف مقدمات درج جبکہ 56 کو گرفتار کروایا گیا ہے۔ اسی طرح 9700 سپروائزری، امتحانی و نگران عملے کو فوری ذمہ داریوں سے ہٹایا گیا۔ 280 سپروائزری و نگران عملے کے بدعنوانی میں ملوث ہونے پر پیڈا ایکٹ کے تحت کارروائیاں جاری ہیں۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ امتحان میں نقل کرنیوالے 504 طلباءکیخلاف یو ایم سی کیس بنائے گئے ہیں۔ صوبائی وزیر خوراک بلال یاسین نے امتحانات میں نقل کے ذمہ داران کے تعین کے حوالے سے قائم کی گئی وزارتی کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کی۔ اجلاس میں وزیر بلدیات ذیشان رفیق، محکمہ داخلہ، ہائر ایجوکیشن اور سپیشل برانچ کے افسران نے شرکت کی۔ سیکرٹری ہائر ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ نے کمیٹی کی سفارشات اور اقدامات پر تفصیلی بریفنگ دی۔ مجموعی طور پر پنجاب میں 43 لاکھ 32 ہزار 480 طلباءکیلئے 6483 امتحانی مراکز قائم کئے گئے تھے۔ صوبائی وزیر بلال یاسین کا کہنا تھا کہ آئندہ کسی بھی پرائیویٹ سکول یا کالج میں امتحانی سنٹر نہیں بنے گا۔ آئندہ امتحانات میں تمام پرچوں پر بار کوڈ اور واٹر مارک پرنٹ ہو گا۔ نگران عملہ 2 دن سے زائد کسی بھی امتحانی مرکز میں تعینات نہیں کیا جائیگا۔ سی سی ٹی وی کیمروں اور سپیشل برانچ کے افسران کے ذریعے امتحانی مراکز کی موثر نگرانی ہو گی۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ طلباءکی شکایات کے بروقت ازالے کیلئے آن لائن پورٹل اور ہیلپ لائن کا اجراءکیا جائیگا۔ 500 سے کم طلباءکی موجودگی میں سنٹر نہیں بنایا جائیگا جبکہ تنگ گلیوں میں واقع سکولوں کی بجائے کھلے علاقوں میں سنٹرز بنائے جائیں گے۔ اجلاس میں طلباءاور والدین کو پارکنگ سمیت دیگر مسائل سے بچانے کیلئے ہر ممکن اقدامات یقینی بنانے کی ہدایت بھی کی گئی۔
میٹرک امتحان میں بدعنوانی کی انکوائری رپورٹ پیش، ذمہ داران کیخلاف سخت ایکشن



















